Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا پاکستان کشیدگی، شوبز کی دنیا میں بھی ہلچل

انعم تسنیم
 
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں انڈین فورسز پر حملے کے بعد جہاں انڈیا کے سیاست دانوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، وہیں شوبز سے وابستہ اداکار و گلوکار بھی اپنے ردعمل کا بھرپور اظہار کررہے ہیں جس کی وجہ سے سوشل میڈیا کا محاذ بھی خوب گرم ہے۔
حملے کے بعد پہلا ردعمل انڈیا کے معروف شاعر اور ادیب جاوید اختر کی جانب سے دیکھنے میں آیا جنہوں نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا۔ جاوید اختر نے دورہ منسوخ کرنے کی اطلاع مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے دی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کراچی آرٹس کونسل نے مجھے اور میری اہلیہ شبانہ اعظمی کو کیفی اعظمی کے اعزاز میں منعقدہ دو روزہ تقریب میں مدعو کیا تھا لیکن اب ہم نے اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔جاوید اختر نے اپنی ٹویٹ میں 1965 کی پاک انڈیا جنگ کے دوران کیفی اعظمی کی نظم اور پھر کرشن نے ارجن سے کہاکا تنقیدی حوالہ بھی دیا۔
انڈین اداکار اجے دیوگن نے بھی پلوامہ واقعے کے بعد اپنی فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کر نے کا فیصلہ کرلیا۔ بالی وڈ کی نئی فلم ٹوٹل دھمال پاکستان کے سینما گھروں میں بھی ریلیز ہونا تھی تاہم فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ حالیہ واقعات کے تناظر میں ٹوٹل دھمال کی ٹیم کے فلم پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈیا کے کئی فنکار جہاں پاکستان کو مورودالزام ٹھہراتے ہوئے آواز اٹھا رہے ہیں، وہیں کچھ فنکاروں نے اس رویے کو غیرمناسب قرار دیا ہے۔داکارہ پریانکا چوپڑا نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ ’پلوامہ حملے کے بعد شدید صدمے سے دوچار ہیں، نفرت بالکل بھی درست جواب نہیں ۔
اداکار اکشے کمار کا ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ کوئی ملک دہشت گردی میں ملوث ہو، انڈیا میں بھی دہشت گرد ہیں۔ ملک میں موجود کچھ لوگ ہی دہشت گردی پھیلاتے ہیں۔
  • انڈیا میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی
یوں تو کہا جاتا ہے کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی مگر پلوامہ واقعے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر انڈین فلم انڈسٹری کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔انڈیا میں فنکارں کی تنظیم آل انڈیا سینما ورکرز ایسو سی ایشن نے انڈیا کی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔تنظیم کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں  کہا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،تمام ہمدردیاں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،سرکاری طور پر تمام پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ادھر انڈیا کی مشہور میوزک کمپنی ٹی سیریز نے اپنے یوٹیوب چینل سے پاکستانی فنکاروں کے گانے ہٹا دیے ہیں۔ انڈیا کی ریاست مہاراشٹرا کی انتہا پسند تنظیم مہاراشٹرا نونرمان سینا کی جانب سے انڈیا کی میوزک کمپنیوں کو پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹانے کا کہا گیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔
  • انڈین فنکار شان پاکستان ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے
پاکستان اور انڈیا کے درمیان فن و ثقافت کے ذریعے تعلقات مضبوط کرنے کے لیے ہر سال شان پاکستان ایونٹ کااہتمام کیاجاتا ہے۔ رواں سال مارچ میں ایونٹ کا انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے تاہم پاک انڈیا سرحدی کشیدگی کے باعث معروف فنکار جوڑی وشال بھرداوج اور ریکھا بھرداوج پاکستان نہیں آئیں گے۔دونوں فنکاروں نے 21مارچ سے لاہور میں منعقد ہو نے والےشان پاکستان ایونٹ میں شرکت کرنا تھی مگر منتظمین کی جانب سے جوڑی کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

شیئر: