ریاض۔۔۔ سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ولیعہد ، نائب وزیراعظم و و زیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ ہند سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نیا موڑ دے گا۔ کونسل نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شریک ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم 94 ارب ریال تک پہنچ چکا ہے۔ سعودی ایوان ہائے صنعت وتجارت کونسل نے مزید بتایا کہ سعودی عرب ہندوستان کو مختلف اشیاءبرآمد کررہا ہے۔ ان میں اہم ترین معدنیاتی مصنوعات ، کیمیکل مصنوعات ، المونیم اور اس کی مصنوعات قابل ذکر ہیں۔ سعودی عرب ہندوستان سے بہت ساری اشیاء درآمد کررہا ہے۔ ان میں اہم ترین غلہ جات، گاڑیاں، ان کے پرزے، مشینری اور فولادی مصنوعات نمایاں ہیں۔ ایوان ہائے صنعت و تجارت کونسل کا کہنا ہے کہ دونوں ملک دہرے ٹیکس سے بچاﺅ کا معاہدہ کئے ہوئے ہیں اور سعودی ہندوستانی مشترکہ کمیشن اور سعودی انڈین بزنس کونسل کے توسط سے صنعت و تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔