Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پلوامہ حملہ، بالی وڈ بھی بول پڑا

انعم قریشی ۔۔ اسلام آباد
پاکستان اور ہندکے درمیان کشیدہ تعلقات میں جب بھی شدت پسندی کے واقعہ کے بعد تلخی کا ماحول پیدا ہوتا ہے تو اس کا اثر بالی وڈ پر بھی پڑتا ہے جہاں اب پلوامہ حملے کے بعد کچھ حلقے پاکستان مخالف جذبات کا اظہار کرتے ہیں تو کچھ نفرت پر مبنی رویے کی مذمت کر رہے ہیں۔
پلوامہ حملے کے فوری بعدہندوستانی شوبز سے پہلا ردعمل معروف شاعر اور ادیب جاوید اختر کی جانب سے آیا جنھوں نے چند دن بعد شروع ہونے والے اپنے دورہ پاکستان ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
جاوید اختر نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تو بالی ووڈ کے نامور فنکار اجے دیوگن نے یہ تک کہہ دیا کہ وہ اپنی آئندہ آنے والی فلم کو پاکستان میں ریلیز ہی نہیں کریں گے۔

بالی وڈ کمی نئی فلم ”ٹوٹل دھمال“ پاکستان کے سینما گھروں میں بھی ریلیز ہونا تھی تاہم، فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ”حالیہ واقعات کے تناظر میں ٹوٹل دھمال کی ٹیم کے فلم پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔“
ہندوستانی کئی فنکار جہاں پاکستان کو مورودالزام ٹھہراتے ہوئے آواز اٹھا رہے ہیں وہیں کچھ فنکاروں نے اس رویے کو غیرمناسب قرار دیاہے۔

اداکارہ پرینکا چوپڑا نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ وہ پلوامہ حملے کے بعد شدید صدمے سے دوچار ہیں، نفرت بالکل بھی درست جواب نہیں ہے۔


پرینکا سے ملتا جلتا ردعمل ادکار اکشے کمار کا بھی ہے جن کا ویڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کوئی ملک دہشتگردی میں ملوث ہو، ہند میں دہشتگرد ہیں۔ ملک میں موجود کچھ لوگ ہی دہشتگردی پھیلاتے ہیں۔

٭٭٭ ہند میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی٭٭٭

پاکستان اور ہند کے کشیدہ تعلقات جب بھی شدت اختیار کرتے ہیں تو کچھ حلقوں کی جانب سے فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کی بات کی جاتی ہے۔
2016 میں اڑی حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں کے ہند میں کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ایسا ہی کچھ پلوامہ وا قعہ کے بعد دیکھا گیا ہے، پاکستانی فنکاروں پر ہندوستانی فلم انڈسٹری کے دروازے ایک بار پھربند کردیئے گئے ہیں۔ہند میں فنکارں کی تنظیم آل انڈیا سینما ورکرز ایسو سی ایشن نے ہند کی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
تنظیم کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیاگیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ 'پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،تمام ہمدردیاں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں،سرکاری طور پر تمام پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔'ادھر انڈیا کی مشہور میوزک کمپنی 'ٹی سیریز' نے اپنے یوٹیوب چینل سے پاکستانی فنکاروں کے گانے ہٹا دیئے ہیں۔
 ریاست مہاراشٹرا کی انتہا پسند تنظیم مہاراشٹرا نونرمان سینا کی جانب سے ہندکی میوزک کمپنیوں کو پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹانے کا کہا گیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔ہندوستانی فنکار شان پاکستان ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے پاکستان اور ہندکے درمیان آرٹ اور کلچر کے ذریعے تعلقات مضبوط کرنے کیلئے ہر سال 'شان پاکستان' ایونٹ کااہتمام کیاجاتا ہے۔
رواں سال مارچ میں ایونٹ کا انعقاد کا اعلان کیاگیا ہے تاہم،پاک، ہند سرحدی کشیدگی کے باعث معروف فنکار جوڑی وشال بھردواج اور ریکھا بھردواج پاکستان نہیں آئیں گے۔
***********

شیئر: