Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: جاں بحق 5 بچوں کی پھوپھی بھی انتقال کر گئی

کراچی: شہر قائد میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی پھوپھی بھی انتقال کر گئی جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے، قبل ازیں 5 بچے گزشتہ روز ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم بنا دی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ بچوں کی پھوپھی 28 سالہ بینا نے بھی نجی ریستوران ہی کا کھانا کھایا تھا اور گزشتہ شب سے زیر علاج تھی جہاں حالت بگڑنے پر اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکی۔ افسوسناک واقعے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل کریں گے جبکہ ایس ایس پی ساﺅتھ پیر محمد شاہ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کمیٹی کا حصہ ہیں۔ اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مختلف اشیاء اور جسم کے اجزاءکے نمونوں کے فارنسک ٹیسٹ 3 جگہوں سے کرائے جائیں گے۔ فوڈ اتھارٹی کھانوں کے نمونوں کے ٹیسٹ نجی لیبارٹری سے کرائے گی جبکہ بچوں کے جسم کے نمونوں کے کیمیائی تجزیے جامعہ کراچی اور پنجاب فارنسک لیب سے کرائیں گے ۔ اُدھر جاں بحق ہونے والے پانچوں بچوں کی نمازِ جنازہ آبائی علاقے خانوزئی میں ادا کردی گئی جس میں مقامی آبادی، معتبرین اور متاثرہ خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نجی ریستوران کے مبینہ مضرِ صحت کھانے سے5 بچوں کا انتقال ہوا تھا۔
 
 

شیئر: