Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی برادری مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے جارحانہ اقدامات بند کرائے، القدس فاﺅنڈیشن

القدس۔۔۔ بین الاقوامی القدس فاﺅنڈیش نے عالمی برادری اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے جارحانہ اقدامات بند کرانے کیلئے فوری کارروائی کریں۔ فاﺅنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل یاسین حمود نے پیر کو اعلامیہ جاری کرکے کہا کہ اسرائیل نے القدس میں اسلامی اوقاف کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعظیم سلھب، اوقاف کے نائب ڈائریکٹر جنرل شیخ ناجح بکیرات ، مسجد اقصیٰ کے محافظوں اور بیت المقدس کی نمایاں شخصیات کو گرفتار کرکے گھٹیا کھیل کھیلا ہے۔ اسرائیل نے یہ حرکت کرکے فلسطین اور بیت المقدس کے باشندوں کے شعور سے کھلواڑ کی ہے۔ حمود نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے باب رحمہ کو کھلوانے والا عوامی اقدام بند نہیں ہوگا۔ اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ باب رحمہ کھلوا کر القدس کے باشندوں نے قابض اسرائیلی حکام کو یہ عملی پیغام دے دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ سے فرزندان اسلام کو دور رکھنے کی پالیسی کو پاش پاش کردیں گے۔ قابض اسرائیلی حکام نے اسلامی اوقاف کی قیادت کو گرفتار کرکے انتقامی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی مذہبی ، سماجی علامتوں کو حراست میں لے کر خطرنا ک پیغام دیا ہے۔ القدس فاﺅنڈیشن نے باب رحمہ پر مسلسل دھرنا دینے اور القدس سے دور رکھنے کے اسرائیلی فیصلوں کو ناکام بنانے کی بھی اپیل کی۔ مسجد اقصیٰ سے دور رکھنے کے اسرائیلی فیصلوں کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی گئی۔ 

شیئر: