Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس ایئر لائن نے 38 ارب ڈالر کے 65 بوئنگ 777 ایکس طیاروں کے آرڈر دے دیے

ایمریٹس ایئر لائن نے پیر کو 38 ارب ڈالر مالیت کے 65 بوئنگ 777 ایکس طیاروں کے آرڈر دے دیے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دبئی ایئر شو کے پہلے ہی دن ایمریٹس کی جانب سے 38 ارب ڈالر کا معاہدہ  امریکی طیارہ ساز کمپنی پر اعتماد کا اظہار ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ پہلے سے تاخیر کا شکار بوئنگ 777 ایکس طیاروں کی ڈیلیوری اب 2027 کی دوسری سہ ماہی سے شروع ہوگی۔ اس معاہدے میں جنرل الیکٹرک کے 130 GE9X انجن بھی شامل ہیں۔
ایمریٹس ایئرلائن، جو پہلے ہی بوئنگ 777 کی سب سے بڑی کسٹمر ہے، نے اب 270 بوئنگ 777X، 10 بوئنگ 777 فریٹر اور 35 بوئنگ 787 طیاروں کے آرڈر دی ہے۔
ایمریٹس گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک طویل المدتی کمٹمنٹ ہے جو لاکھوں ہائی ویلیو مینوفیکچرنگ نوکریوں کا سبب بنے گا۔‘
ایمریٹس ایئرلائن، جو مکمل طور پر دبئی حکومت کی ملکیت ہے، دنیا کی سب سے منافع بخش ایئرلائن ہے، جس نے اس ماہ کے آغاز میں نصف سال کے لیے 2.9 ارب ڈالر منافع کا اعلان کیا تھا۔
ایئرلائن،  جس نے 315  بوئنگ (وائڈ باڈی یا لانگ ہال) طیاروں کا آرڈر دیا ہے، نے پہلے بھی 777 ایکس طیاروں کی ڈیلیوری میں بار بار تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
شیخ احمد نے کہا کہ ’کچھ لوگوں کو ایمریٹس کے بڑے طیاروں کے آرڈر بک پر شک ہو سکتا ہے۔ لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ آرڈر میں موجود ہر طیارے کو امارات کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں بخوبی شامل کیا گیا ہے۔‘
تاخیر کے ساتھ ساتھ بوئنگ کو حفاظتی خدشات اور عدالتی مقدمات کا بھی سامنا ہے، جو متعدد واقعات کے بعد شدت اختیار کر گئے، جن میں جون میں ہونے والا ایئر انڈیا کا حادثہ بھی شامل ہے جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ڈیلیوری میں تاخیر نے ایمریٹس کو اپنے موجودہ بیڑے کی بڑی مرمت پر مجبور کر دیا ہے، جس میں ایئر بس A380 بھی شامل ہیں جو اب پیداوار سے باہر ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین آرڈر میں 777 ایکس کے بڑے ماڈلز میں اپ گریڈ کرنے کا آپشن بھی شامل ہے جو ابھی تیاری کے مرحلے میں ہیں۔

شیئر: