اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں ٹریڈ آفیسرز کی اسامیوں پر بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دےدی ۔ یہ فیصلہ وزیراعظم آفس میں بیرون ملک ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ وزیراعظم نے وزارت تجارت کو ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی کے پورے نظام کی تشکیل نو کی ہدایت کی تھی۔نئی پالیسی میں ملک کے تجارتی مفادات کے موثر فروغ بالخصوص ابھرتی ہوئی منڈیوں اور دنیا بھر کے مختلف خطوں اور تجارتی گروپوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹریڈ آفیسرز کی کارکردگی کی وسیع البنیاد اور حقیقی معنی میں نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے جائزہ کے پورے نظام کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے وزیراعظم کو نیشنل ٹریڈ ڈیٹا اینالیٹکس سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔