Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”پہلے انسان بنو،پھر سیا ست دان“

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات پر انہیں یوٹرن لینے کا طعنہ دینے والوں کو جواب دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر ٹویٹر پر بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں سیاسی مخالفین کو نصیحت کی کہ ”پہلے انسان بنو،پھر سیاستدان“
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دو روز قبل روز لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہیں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا،پاکستانی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرادری کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کو اس صدی کا سب سے بڑا یوٹرن قرار دیاتو وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی ملاقات کو سیاسی قرار دیا۔
فواد چوہدری نے ٹویٹر پر لکھا تھاکہ ”بھٹو کے نواسے کا ضیاالحق کے منہ بولے بیٹے سے گٹھ جوڑ اس صدر کا سب سے بڑا یوٹرن ہے۔ “

بلاول بھٹوزرداری نے بھی فواد چوہدری کو جواب دینے کیلئے ٹویٹر کا سہارا لیا، انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ”اگر نئے پاکستان میں یوٹرن لینے والا عظیم رہنما ہوتا ہے تو پھر میں صدی کاعظیم رہنما ہوا؟ “
انہوں نے مزید لکھا کہ ” کسی کی تیمارداری کو عیادت تک ہی رکھنا چاہیے، انسانیت سیاست سے بالاتر ہے، پہلے انسان بنو پھرسیاستدان “۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فواد چوہدری کو یاددہانی کرائی کہ ”جب عمران خان گر نے کے باعث زخمی ہوگئے تھے تواس وقت نوازشریف بھی ان کی عیادت کو پہنچے تھے۔“
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے بھی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ”وزیراعظم کے بے اعتبارے وزیراطلاعات کو یہ بیان زیب نہیں دیتا۔ اپنی نوکری بچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ 4سالہ سیاسی کیریئر میں 4 جماعتیں بدلنے والا دوسرں پر تنقید نہیں کر سکتا۔ آپ کو چاہیے کہ اپنے اختیا رات کی حفاظت کریں۔دوسروں کی فکر چھوڑ دیں۔ “

شیئر: