Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریانی میلہ: ایسی ایسی بریانی جو شاید آپ نے پہلے کبھی چکھی نہ ہو

احمد نور
 
پاکستان  کے اکثر علاقوں میں کوئی  خاص دعوت بریانی کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہے کیونکہ  بریانی ایک مقبول پکوان ہے  جس کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ  اگر بریانی کھائے بغیر کچھ دن گزر جائیں تو لگتا ہے کہ زندگی میں کچھ کمی سی ہے۔

بریانی لور ز اس ڈش کو لے کر بہت حساس واقع ہوئے ہیں۔بعض تو یہاں تک کہتے نظر آتے ہیں کہ بریانی کا نام احترام سے لیا جائے۔
اس کو بریانی کے بجائے بِریانی کہہ کر پکارا جائے۔
کوئی کہتا ہے کہ بریانی آلو کے بغیر اچھی ہے تو کسی کے مطابق ہر کھانے میں آلو ڈالنے سے گریز کرنا چاہیئے۔کچھ  لوگوں میں اس بات پر جھگڑا تک ہو جاتا ہے ک کہ بریانی زیادہ لذیذ ہے یا  پلائو ؟

یہ بحث اپنی جگہ لیکن  گورنر سندھ  عمران اسماعیل بھی بریانی کے ساتھ اپنی محبت کوچھپا نہیں پائے ۔ انہوں نے29 جنوری کوایک اعلان کیاتھا کہ ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کروایا جائے گا۔
گورنر سندھ نے یہ اعلان کرتے ہوئے چائول کی بھی عزت افزائی کی تھی اور کہا تھا کہ چاول پاکستان کا ’کمائو پوت‘ ہے جس کی برآمدات کو 2ارب ڈالرسے 4 ارب ڈالر تک پہنچایاجائے گا، کیونکہ اگرچائول نہ ہوتا تو بریانی کا وجود ہی ممکن نہ ہوتا۔

عمران اسمعاعیل نے جو کہا وہ کر دکھایا۔ جمعرات کوگورنر ہائوس میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی سرپرستی میں بریانی میلہ سجایا گیا جس میں بریانی کی کچھ ایسی قسمیں سامنے آئی ہیں جو آپ نے اس سے پہلے نہ تو کبھی دیکھی ہوں اور نہ ہی چکھی ہوں گی۔
 اس بریانی میلے میںمالا بار بریانی، دودھ ملائی بریانی، بیف وائٹ بریانی، پران چٹخارہ بریانی، مٹن سندھی بریانی، مغلائی بریانی، فش ممبئی بریانی اورچکن میمنی اکھنی بریانی پیش کی گئیں۔اس کے علاوہ مٹن افغانی پلائو، زیرہ رائس، لوکی دال، مٹم آلو سالن اور چاولوں کی کھیر بھی اس فیسٹیول کا حصہ تھی جسے لوگوں نے مزے لے لے کر کھایا۔

  • بریانی کہاں سے آئی؟
 بریانی فارسی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے پکانے سے پہلے تلنا یا فرائی کرنا ۔ایک عمومی خیال ہے کہ بریانی برصغیر پاک و ہند کا پکوان ہے تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ اس کی ابتدا کہاں سے ہوئی، لیکن یہ بات طے ہے کہ یہ پکوان مغربی ایشیا کی پیداوار ہے۔

بعض روایات میں ہے کہ جب ترک منگول فاتح تیمور 1398 میں ہندوستان آیا تو اس کے توشہ دانوں میں بریانی بھی موجود تھی جو لشکر کے سپاہیوں کی غذا تھی۔ایک اور روایت کے مطابق ہندوستان کے جنوبی مالا بار کے ساحل پر اکثر و بیشتر عرب تاجر آتے رہتے تھے اور بریانی انہی کا تحفہ ہے۔ سب سے مشہور روایت یہ ہے کہ بریانی شاہ جہاں کی خوبصورت اور محبوب بیوی ممتاز محل کی تخلیق تھی۔

گورنر سندھ نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ اس ایونٹ کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: