Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت کا اعلان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت بنانے اور آئین میں ترمیم کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں غربت کے خاتمے لیے ایک جامع پروگرام ’احساس‘ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 38 ڈی میں ترمیم کر کے روٹی، کپڑا، مکان اور صحت کو بنیادی انسانی حقوق قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بیت المال، زکوۃ و عشر اور دیگر محکموں پر مشتمل ایک نئی وزارت بنائی جائے گی تاکہ مربوط طریقے سے معاشرے کے پسماندہ افراد کی مدد کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ افراد کے لیے حکومت بجٹ میں 80 ارب روپے کا اضافہ کرے گی جبکہ 57 لاکھ  غریب خواتین کو موبائل فون دیے جائیں گے اور ان کے بینک اکاونٹس بنا کر انہیں موبائل فون کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ ان کو مہیا کی جانے والی رقم شفاف طریقے سے ان تک پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ غربت کے حوالے سے ایک ڈیٹا بیس بنایا جائے گا تاکہ غریب افراد کے درست کوائف اکھٹے کیے جا سکیں اور ان کی کفالت کے لیے حکمت عملی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب افراد کو حکومت مفت قانونی مدد فراہم کرے گی تاکہ وکیل کی عدام فراہمی کی وجہ سے غریب لوگ انصاف سے محروم نہ رہیں۔ صحت کارڈز کے ذریعے 38 اضلاع میں 133 ارب روپے سے انصاف ہیلتھ انشورنس مہیا کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گاؤں میں رہنے والی خواتین کو بکریاں اور مرغیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صاف اور صحت بخش دودھ کی فراہمی کے لیے حکومت اسلام آباد اور لاہور میں ابتدائی طور پر نظام وضع کرے گی۔ انہوں نے معذور افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی ذکر کیا ۔
 

شیئر: