Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جذبہ خیر سگالی، پاکستان نے100ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا

کراچی...پاکستان نے ہند کی طرف سے جارحیت کے منصوبے کا جواب جذبہ خیر سگالی سے دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنیوالے 100 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا۔
رہا کئے جانے والے ماہی گیروں کو کراچی جیل سے سخت سیکیورٹی میں کینٹ اسٹیشن پہنچایا گیا۔ جہاں سے وہ اتوار کی دوپہر علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور ر کیلئے روانہ ہوگئے ۔ انہیں واہگہ بارڈر پر ہندوستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔
امریکی خبر رسا ں ادارے اے پی کے مطابق جیل اہلکار منیر احمد نے بتایا رہا کئے جانے والے ہندوستانی ماہی گیروں کو پولیس گارڈز کے ہمراہ بذریعہ ٹرین لاہور بھیجا گیا ہے جہاں واہگہ بارڈر پر پیر کو ہندوستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
رہا ہونیوالے 100 ماہی گیروں کے کراچی سے لاہور تک کے سفری اخراجات ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے ادا کئے جا رہے ہیں۔ ماہی گیروں کو تحائف بھی دیئے گئے ۔جذبہ خیر سگالی کے تحت مزید 260 ہندوستانی ماہی گیروں کو رواں ماہ مرحلہ وار رہا کیا جائے گا۔
  واضح رہے کہ پاکستان نے 360 ہندوستانی قیدیوں کی رہا ئی کا اعلان کیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میںبتایا تھاکہ 8 اپریل کو 100 ، 15 اپریل کو 100 ، 22 اپریل کو 100 اور 29 اپریل کو 60ہندوستانی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق رہا کئے جانے والے قیدیوں میں 355 ماہی گیر ہیں۔ اس وقت ہند میں 347 پاکستانی اور پاکستان میں 537 ہندوستانی شہری قید ہیں۔
پاکستان اور ہند کی میری ٹائم ایجنسیاں ایکدوسرے کے ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ماہی گیری پر گرفتار کرتی رہتی ہیں ۔بعد ازاں انہیں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا جا تاہے۔

شیئر: