Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب 2025 تک گیس برآمد کرنے لگے گا‘

دنیا میں تیل کی سب سے بڑی کمپنی سعودی آرامکو کے چئیرمین انجینئیر امین الناصر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 2025 تک گیس برآمد کرنے والا ملک بن جائے گا۔
انجینئیر امین الناصر نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ یومیہ تین ارب مکعب فٹ گیس برآمد کرنے کا ہے۔ یہ ہدف آہستہ آہستہ حاصل کیا جائیگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الناصر ریاض  میں کویت ، سلطنت عمان، عراق اور پاکستان میں تیل اور گیس کے  کنوؤں کی کھدائی سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
الناصر نے کہا کہ کویت، عراق، پاکستان اور سلطنت عمان میں  پیٹرول اور گیس کے کنوؤں کی کھدائی میں  الحفر عربی کمپنی کی شراکت کا معاہدہ بے حد اہم ہے۔ ’اس کی بدولت ہماری کمپنی  مشرق وسطیٰ کی بڑی کمپنیوں میں شامل ہوجائیگی اور اس کی حیثیت ملکی کے بجائے ریجنل کمپنی کی بن جائیگی۔
الناصر نے کہا کہ الحفر کمپنی کے کارکنان کی تعداد 6ہزار تک ہوجائیگی، اسکی بدولت تیل اور گیس کی صنعت میں سعودیوں کا کرداربڑھ جائیگا۔
امین الناصر نے بتایا کہ انرجی سٹی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے دوسرے مرحلے کا آغازجلد ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح مملکت میں گیس کے زبردست ذخائر دریافت ہونے کے بعدریجنل گیس نیٹ ورک میں توسیع کیلئے متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں۔ سعودی عرب اس سال قابل تجدید توانائی کے کم از کم 12منصوبوں کے ٹینڈر جاری کریگا۔
الفالح نے بتایا کہ سعودی عرب آئندہ 10برس کے دوران 60گیگا واٹ تک قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر رکھا ہے۔ اس میں شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی 40گیگا واٹ بجلی اور پن چکی سے پیدا ہونے والی  تین گیگا واٹ بجلی  بھی شامل ہوگی۔

شیئر: