Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز اپنا واٹس ایپ نمبر کیوں تبدیل کرنا چاہتے ہیں؟ 

انڈیا اور پاکستان کے میچ سے شائقین کو بہت زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہیں: کوہلی (اے ایف پی فوٹو)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ جلد اپنا واٹس ایپ نمبر تبدیل کرنے والے ہیں۔ 
مگر انہوں نے ایسا کیوں کہا؟ 
جمعرات کو لندن میں ورلڈ کپ میں شامل دس ٹیموں کے کپتانوں کو صحافیوں سے بات چیت کا موقع فراہم کیا گیا تھا اور اسی موقع پر ایک سوال کے جواب میں پاکستانی کپتان نے اس ردعمل کا اظہار کیا۔ 
ایک صحافی نے سرفراز احمد اور وراٹ کوہلی سے سوال کیا کہ اگرچہ ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں کے میچز اپنی جگہ اہم ہوتے ہیں لیکن انڈیا اور پاکستان کے میچز کچھ زیادہ ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، لوگوں کو پاکستان اور انڈیا کے میچ کا انتظار ہے اور وہ ٹکٹ خریدنے کے لیے جتن کر رہے ہیں، آپ دونوں پر بھی خاصا دباؤ ہو گا، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟ 
اس کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ’میں بہت جلد اپنا واٹس ایپ نمبر تبدیل کرنے والا ہوں۔‘
اسی دوران ایون مورگن نے جملہ کسا کہ ’کیا آپ نے ٹکٹ خرید لیا ہے؟‘ 
سرفراز احمد کے برعکس وراٹ کوہلی نے قدرے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے میچ سے شائقین کو بہت زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔  ’ہم پہلے بھی یہ کہتے رہے ہیں کہ اگر آپ کھلاڑیوں سے پوچھیں تو کھیل کے بارے میں ان کا مداحوں کے مقابلے میں مختلف نکتہ نظر ہوتا ہے۔‘ 

ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 30 جون سے ہو رہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ہاں یہ بات درست ہے کہ جب آپ سٹیڈیم میں داخل ہوتے ہیں تو تماشائیوں کو دیکھ کر جوش محسوس کرتے ہیں لیکن جیسے ہی میدان میں اترتے ہیں تو تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ بولرز اور بیٹسمین اپنی اپنی بہترین صلاحیت کو بروئے کار لانے کو کوشش کرتے ہیں۔ 
وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے یہ ایک میچ ہی ہوتا ہے جو ہم جیتنا چاہتے ہیں، کسی بھی دوسرے میچ کی طرح۔‘
اس پر سرفراز احمد نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میرا جواب بھی یہی ہے، کوئی فرق نہیں ہے۔‘ 
اس موقع پر وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی ایک میچ پر توجہ مرکوز نہیں رکھ رہے بلکہ ہم اپنی صلاحیتوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں شریک تمام دس ٹیمیں بہت مضبوط ہیں اور کوئی بھی ٹیم کسی دوسری ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ٹیموں کو انفرادی طور پر دیکھنے کے بجائے ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہیے۔‘ 
سرفراز احمد نے محمد عامر اور وہاب ریاض کی سکواڈ میں شمولیت کے بارے میں بتایا کہ انہیں ان دونوں فاسٹ بولرز پر بھرپور اعتماد ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں سینیئر بولرز ہیں اور ان کے آنے سے ٹیم کو خاصا اعتماد ملے گا کیونکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے بخوبی اندازہ ہو گیا ہے کہ ہمیں کس قسم کی بولنگ کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔‘ 
خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں 16 جون کو مانچسٹر میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جس کے لیے شائقین کرکٹ میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ 

شیئر: