Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرینکا اور دیپکا کے بعد شروتی ہاسن ہالی وڈ کے لیے تیار

شروتی کو سیریز 'ٹریڈسٹون' کی کاسٹ میں شامل کیا گیا: انڈیا ٹو ڈے
پرینکا چوپڑہ اور دیپکا پاڈوکون کے بعد اب معروف اداکار اور سیاستدان کمل ہاسن کی بیٹی اداکارہ شروتی ہاسن انڈین فلم انڈسٹری سے نکل کر ہالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں۔
وہ جیسن بورن پر مبنی جاسوس سیریز ’ٹریڈ سٹون‘ میں ایک قاتل حسینہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
33 سالہ شروتی ہاسن بالی وڈ سے زیادہ جنوبی انڈیا کی بڑی فلم انڈسٹری تمل اور تیلگو کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق انہیں یو ایس اے نیٹ ورک کی آنے والی سیریز ’ٹریڈ سٹون‘ کی کاسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹریڈ سٹون سپر جاسوس جیسن بورن کی سیریز ہے۔
ہالی وڈ کی خبروں کے لیے معروف ویب سائٹ ’ڈید لائن’ کے مطابق اس کے پائلٹ پروجیکٹ کی ابتدا رواں سال اپریل میں ہوئی تھی جبکہ اس کا حتمی پروجیکٹ اگست میں شروع ہوگا۔
شروتی حسن، جرمی اِرون اور برائن سمتھ کے ہمراہ فی الحال ہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں اس کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
وہ دہلی کی ایک دوشیزہ نیرا پٹیل کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ ویٹرس کا کام کرتی ہے لیکن وہ در اصل ایک انتہائی تربیت یافتہ قاتل ہوتی ہے۔
اس سیریز میں شروتی حسن کے ساتھ مائیکل فوربیس، پیٹرک فوگٹ، مائیکل گيسٹن اور ٹیس ہابرچ بھی شامل ہیں۔

اداکارہ سشمیتا سین کی واپسی


سشمیتا سین اس سے قبل نو پرابلم میں کاجل کے کردار میں نظر آئی تھیں: تصویر اے ایف پی

بالی وڈ ہیروئنز کا دوبارہ فلموں میں آنا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ملکہ کائنات اور بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نو سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر سے تازہ دم ہو کر فلموں کی جانب لوٹ رہی ہیں۔
اس بات کا اشارہ انہوں نے خود سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں دیا ہے۔
انہوں نے چند سلفیاں پوسٹ کرنے کے ساتھ لکھا کہ ’میک اپ، ہیئر، لائٹس اور قدیم وضع کے شیشوں والے آئینے، دوسرا راؤنڈ، میں ایک بار پھر سے اپنی کلاس میں واپسی کی تیاری میں ہوں۔‘
اس کے ساتھ انہوں نے بہت سے ہیش ٹيگز کا بھی استعمال کیا۔
سشمیتا کے ایک مداح نے سوال کیا کہ ’43 سال کی عمر میں سیکھنا آپ شروع کر رہی ہیں۔ آپ واقعی ملکہ ہیں۔‘ اس کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ میرے اندر کی لڑکی ہے اور آپ بہت حد تک درست ہیں کہ میں 43 سال کی عمر میں سیکھنا شروع کر رہی ہوں۔ کوئی چیز اس وقت تک ختم نہیں ہوتی جب تک ہم اسے ختم نہیں کرتے۔ لو یو۔‘
سشمیتا سین اس سے قبل ’نو پرابلم‘ میں کاجل کے کردار میں نظر آئی تھیں اس کے علاوہ انہوں نے ایک بنگالی فلم نرباک میں بھی کام کیا تھا۔
فلم انڈسٹری سے ان کی تقریباً نو سال تک کی دوری کا سبب ان کی بیٹیاں ہیں جن کے ساتھ وہ وقت گزارنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو یہ معلومات بھی فراہم کیں کہ وہ نیٹ فلکس اور امیزون کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیں اور وہ ان کے لیے کوئی مناسب چیز تیار کر رہے ہیں۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا!

پرینکا چوپڑہ نے زندگی کے پانچ اسباق کیا دیے؟


پرینکا کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے: تصویر اے ایف پی

اداکارہ پرینکا چوپڑہ کی ’ان سٹائل‘ میگزین کے سرورق پر ’بیک لیس‘ ساڑھی والی تصویر کا تنازع ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ انہوں نے انسٹا گرام اور ٹوئٹر پر زندگی کے پانچ اسباق والی پوسٹ ڈال دی۔
اس میں بیک لیس ’سیکسی سیکسی ساڑھی‘ کے ساتھ ان کا اپنا انداز بھی شامل ہے۔
گذشتہ ہفتے جب انہوں نے میگزین کے سرورق کی تصویر ڈالی تھی تو سوشل میڈیا پر انہیں انڈین تہذیب کی غلط عکاسی کرنے کے لیے ٹرول کیا جانے لگا تھا۔ کسی نے لکھا کہ ’یہ ہماری تہذیب نہیں‘ تو کسی نے کہا کہ ’اس طرح ہماری تہذیب کی عکاسی نہ کریں۔‘
پرینکا چوپڑہ کی حمایت میں انڈیا کے معروف ڈیزائنر ترون تیہیلانی میدان میں اترے اور کہا کہ انہیں ان کی ساڑھی میں کچھ بھی بیہودگی نظر نہیں آئی۔ ایک صارف نے لکھا ’ساڑھی آج سے نہیں پہنی جا رہی۔ ایک زمانہ وہ بھی تھا جب ساڑھی کے ساتھ بلاؤز نہیں پہنے جاتے تھے۔‘
بہر حال انہوں نے زندگی کے پانچ اسباق کے پہلے سبق میں کہا کہ ’ہمیشہ اپنی سکرٹ سے بڑا بنیں۔ سبق نمبر دو: چھپانے کے لیے کچھ بھی نہ ہو، سیکسی سیکسی ساڑھی۔ سبق نمبر تین: ساڑھی نہ کہ سوری۔ سبق نمبر چار: کچھ شور مچائیں (اس کے ساتھ وہ گھنگھرو پہن کر رقص کرتی ہیں)۔ سبق نمبر پانچ: جب نااتفاقی ہو جائے تو اسے دور کر لیں۔'
ان کی اس ویڈیو کو 50 لاکھ سے زیادہ بار لائک کیا گیا جبکہ اس پر 10 ہزار سے زیادہ کمنٹس کیے گئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ اتنی ساری چیزیں کیسے کر لیتی ہیں۔ ابھی انڈیا میں، ابھی امریکہ اور پھر ایتھوپیا میں۔ واقعی حیرت انگیز خاتون ہیں پرینکا چوپڑہ۔
 
 

شیئر: