Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی میں پولیس کی کارروائی، گھر کی دیواروں، فرش اور فرنیچر سے 32 لاکھ یورو برآمد

پولیس اہلکاروں نے رقم پلاسٹک کی بالٹیوں میں ڈال کر بکتر بند گاڑی میں منتقل کردی(فوٹو:گیٹی امیجز)
اٹلی میں پولیس نے ایک اپارٹمنٹ کی دیواروں، فرش اور فرنیچر میں چھپائی گئی 32 لاکھ یورو (36 لاکھ ڈالر) کی نقد رقم برآمد کرلی، جبکہ کارروائی کے دوران 34 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سی این این کے مطابق نیپلز کے علاقے کایانو میں پیر کی صبح کیے گئے چھاپے کے دوران ’اینٹی مافیا‘ اہلکاروں نے ایک گھر سے 50 یورو کے نوٹوں کی شکل میں بڑی مقدار میں نقد رقم برآمد کی۔
نیپلز کی کارابینیری ملٹری پولیس کے مطابق رقم کو پلاسٹک میں لپیٹ کر فرش اور دیواروں کی ٹائلز کے نیچے، جبکہ الماریوں کے خفیہ خانوں میں ترتیب سے چھپایا گیا تھا۔
بعدازاں پولیس اہلکاروں نے رقم پلاسٹک کی بالٹیوں میں ڈال کر بکتر بند گاڑی میں منتقل کردی۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 11 قیمتی رولیکس گھڑیاں، ہتھیار اور منشیات کی فروخت سے متعلق سامان بھی برآمد کیا گیا۔
یہ کارروائی نیپلز کے اینٹی مافیا پراسیکیوٹر نکولا گراتیری کی سربراہی میں کئی ماہ سے جاری خفیہ آپریشن کا حصہ تھی۔
گراتیری نے بتایا کہ حکام نے جیل میں موجود مبینہ مافیا ارکان کے موبائل فونز کی نگرانی کی، جو ان کے رشتہ داروں کے ذریعے جیل میں پہنچائے گئے تھے۔
حکام کے مطابق انہیں مخبروں سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جنہوں نے تحفظ کے بدلے پراسیکیوٹرز کو شواہد فراہم کیے۔
پراسیکیوٹر نکولا گراتیری نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد کا مبینہ طور پر بدنام زمانہ اینجلینو مافیا گروہ سے تعلق ہے، جس نے کایانو میں اس حد تک اثر و رسوخ قائم کرلیا تھا کہ گزشتہ سال مقامی حکومت کو عدالتی انتظام میں دے دیا گیا تھا۔

پیر کو ہونے والی گرفتاریوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے متعدد ارکان نے اس کارروائی کو حکومتی اقدام کی ناکامی قرار دیا۔(فوٹو:نیپلزپولیس)

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کی حکومت نے 2023 میں کایانو میں شہری بحالی اور جرائم کی روک تھام کے لیے ’کایانو ماڈل‘ متعارف کرایا تھا۔
پیر کو ہونے والی گرفتاریوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے متعدد ارکان نے اس کارروائی کو حکومتی اقدام کی ناکامی قرار دیا۔
اپوزیشن رکن پارلیمنٹ فرانسسکو بوریلی نے کہا کہ کئی ماہ سے وزیراعظم اور ان کے وزرا منظم جرائم کے خلاف کارروائی کو حتمی کامیابی کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں، تاہم موجودہ تحقیقات سے مختلف حقیقت سامنے آئی ہے۔
کارابینیری کے مطابق گرفتار کیے گئے 34 افراد پر مافیا طرز کے جرائم میں ملوث ہونے، منشیات کی اسمگلنگ، بھتہ خوری اور فروخت کے مقصد سے منشیات رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق تفتیش کے دوران جرائم پیشہ گروہ کے کام کرنے کا طریقہ بھی سامنے آیا۔
پراسیکیوٹر گراتیری کے مطابق گروہ مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے لوگوں کو مختلف شفٹوں میں تقسیم کرتا تھا، جن میں منشیات فروشی اور بھتہ خوری بھی شامل تھی۔
حکام کے مطابق برآمد کی گئی رقم ملک کے ’جسٹس فنڈ‘ میں جمع کرائی جائے گی، جو منظم جرائم کے متاثرین کی مدد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
تاہم گراتیری نے کہا کہ برآمد ہونے والی رقم کا کچھ حصہ مزید فون ٹیپنگ کے اخراجات کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق صرف 32 لاکھ یورو کی برآمد شدہ رقم نیپلز میں ایک سال کی فون ٹیپنگ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی ہے، جبکہ ایسی مزید کئی کارروائیاں کرنے کی ضرورت ہے۔

شیئر: