’معلوم ہے کہ مجھے کون ٹرول کرتا ہے‘، سلمان خان کی غصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
’معلوم ہے کہ مجھے کون ٹرول کرتا ہے‘، سلمان خان کی غصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
پیر 21 ستمبر 2026 17:18
سلمان خان نے یہ سوال بھی اُٹھایا کہ مشہور شخصیات کو آخر سیاست پر تبصرہ کرنا ہی کیوں چاہیے؟ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
بالی وڈ کے سپرسٹار سلمان خان نے ’بگ باس 20‘ کے حالیہ ’ویک اینڈ کا وار‘ ایپی سوڈ میں آن لائن ٹرولنگ کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، اداکار نے اپنے وزن اور حلیے سے متعلق کیے جانے والے تبصروں کا ذکر بھی کیا، تاہم بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مبینہ طور پر پیسوں کے عوض ہونے والی ٹرولنگ، فلموں کے ریویوز اور مشہور شخصیات پر ہر معاملے پر رائے دینے کے دباؤ کو بھی اپنی گفتگو کا موضوع بنایا۔
سلمان خان نے یہ سوال بھی اُٹھایا کہ مشہور شخصیات کو آخر سیاست پر تبصرہ کرنا ہی کیوں چاہیے؟ یہ قسط نشر ہونے کے بعد سلمان خان کے تبصروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
سلمان خان کا مبینہ ’پیڈ ٹرولنگ‘ اور فلمی ریویوز پر سوال
سلمان خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹیم اور فین کلبز کو معلوم ہے کہ ان کے خلاف ہونے والی کچھ ٹرولنگز کے پسِ پردہ کون افراد ہیں، تاہم وہ عموماً اپنے خلاف ہونے والی ٹرولنگ پر ردِعمل ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ بعض افراد ایسی مہم کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ مجھے کون ٹرول کرتا ہے۔ میرے اتنے فین کلبز ہیں کہ مجھے پتا ہوتا ہے کہ کون کیا کر رہا ہے؟ میں نے بس ان ٹرولنگز پر ردِعمل ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگ آپ کو بدنام کرکے پیسے کما رہے ہیں اور ممکن ہے کہ کچھ ہیروز یا پروڈیوسرز بھی پیسے دے کر ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوں۔ پھر لوگ کرپشن کی بات کرتے ہیں۔‘
’پیسوں کے لیے فلموں کو چار یا پانچ سٹار دے دیے جاتے ہیں۔ یہ بھی بہت بڑی کرپشن ہے۔ تو پھر کیا آپ اخلاقیات یا اصولوں کی بات کرنے کی پوزیشن میں ہیں؟‘
مشہور شخصیات اور سیاست پر سلمان خان کی رائے
سلمان خان نے اس بارے میں بھی بات کی کہ مشہور شخصیات سے سیاسی معاملات پر رائے دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔ اِن کا کہنا تھا کہ اداکار کسی معاملے میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کر سکتے ہیں یا ممکن ہے کہ ا؟ِن کے پاس اِس معاملے کے حوالے سے کافی معلومات ہی نہ ہوں۔
سلمان خان نے سوال اُٹھایا کہ صرف اِس لیے کہ صحافی کسی مشہور شخصیت سے رائے مانگ رہے ہیں، کیا یہ ضروری ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی رائے دے؟
سلمان خان نے الزام عائد کیا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ کچھ افراد ہی ایسی ٹرولنگ مہم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسری طرف سوشل میڈیا پر کچھ افراد اچھا کام بھی کر رہے ہیں۔ انہیں دیکھ کر مجھے اچھا لگتا ہے۔ جب کہ انڈسٹری سے وابستہ لوگ اپنی رائے ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہیں، کچھ لوگ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کے سیاسی پہلوئوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے، یہ ہماری مرضی ہے۔‘
سلمان خان نے کہا کہ ’ممکن ہے ہمیں اس بارے میں معلومات نہ ہوں یا ہم اس معاملے میں پڑنا ہی نہ چاہتے ہوں۔ ہم اس میں کیوں پڑیں؟ صرف اس لیے کہ ایک صحافی سوال کر رہا ہے اور سب لوگ ٹی آر پی کے لیے اسے چلانا شروع کر دیں؟ میں ایسی کسی بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’یہ آپ کا کام ہے۔ آپ جائیے، معلوم کیجیے کہ حقیقت کیا ہے اور پھر آکر ہمیں بتائیے۔ آپ کو ہمیں معلومات دینی ہیں، ہمیں حقیقت بتانی ہے۔ آپ کو ہماری رائے یا تبصرہ مانگ کر ہمیں اس معاملے میں شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔ لیکن وہ ٹرولز چاہتے ہیں۔‘
ریئلٹی شو ’بگ باس 20‘ جیو ہاٹ سٹار اور کلرز ٹی وی پر نشر ہوتا ہے۔