Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈکیتی کا شکار ہونے پر پیرس کی عدالت کا کِم کارڈیشین کو ایک یورو معاوضہ

کِم کارڈیشین نے اس واقعے کو اپنی زندگی کا ’سب سے خوفناک تجربہ‘ قرار دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس کی ایک عدالت نے کِم کارڈیشین کو 2016 میں فرانسیسی دارالحکومت میں ہونے والی مسلح ڈکیتی کا شکار ہونے پر ایک یورو معاوضہ دیا جو انہوں نے طلب کیا تھا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کِم کارڈیشین نے اس واقعے کو اپنی زندگی کا ’سب سے خوفناک تجربہ‘ قرار دیا تھا۔ گذشتہ سال عدالت نے آٹھ افراد کو اس ڈکیتی میں ملوث ہونے پر مجرم قرار دیا تھا۔ منگل کو سٹائلسٹ سیمون ہاروچ کے ساتھ مشترکہ بیان میں کارڈیشین نے فرانسیسی عدلیہ کا شکریہ ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ تجربہ انتہائی صدمہ پہنچانے والا تھا اور اس کے اثرات آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ آج کا فیصلہ معاوضے کے بارے میں نہیں بلکہ جواب دہی اور اعتراف کے بارے میں ہے۔ ہم عدالت اور ان سب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس عمل کے دوران ہمارا ساتھ دیا۔‘
عدالت نے ہوٹل دو پورٹالیس کے ایک سابقہ ریسپشنسٹ کو ایک لاکھ نو ہزار یورو دیے۔ کارڈیشین اسی ہوٹل میں قیام پذیر تھیں جب ڈکیتوں نے انہیں نشانہ بنایا۔
ریسپشنسٹ نے کہا کہ وہ 2 اکتوبر 2016 کے زیورات کی چوری کے دوران شدید صدمے کا شکار ہوئے۔ انہوں نے ساڑھے پانچ لاکھ یورو ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کے وکیل موہند اوئیدجا نے اس فیصلے کو فتح قرار دیا۔
عدالت نے ہوٹل کو 50 ہزار یورو دیے۔ اس نے ہاروچ کو بھی 1 یورو دیا، وہی رقم جو انہوں نے طلب کی تھی۔ ہاروچ اس وقت کارڈیشین کے ساتھ موجود تھیں۔
ڈکیتوں میں سے دو پولیس کے بھیس میں اس کے کمرے میں داخل ہوئے، کارڈیشین کو زپ ٹائیز اور ٹیپ سے باندھا اور 60 لاکھ ڈالر سے زائد کے زیورات لے گئے، جن میں وہ ہیرا انگوٹھی بھی شامل تھی جو انہوں نے اس رات گیونشی شو میں پہنی تھی۔

 

شیئر: