تازہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد معروف اداکارہ کترینہ کیف کو ٹرول کیوں کیا جا رہا ہے؟
کترینہ کیف کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ 2024 میں ریلیز ہوئی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف کو بچے کی پیدائش کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، تاہم اداکار ریتک روشن نے اداکارہ کے دفاع میں کی گئی ایک پوسٹ کو لائک کر کے حمایت کا اظہار کیا ہے۔
کترینہ کیف رواں ماہ کی 14 تاریخ کو شوہر وکی کوشل کے ہمراہ انڈیا کے مشہور کاروباری امبانی خاندان کی ’گنیش چترتھی‘ (مذہبی تہوار) میں شریک ہوئیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
تقریب کے بعد بعض صارفین نے اداکارہ کے وزن اور ظاہری شکل پر تبصرے کیے اور ان کا موازنہ پرانی تصاویر سے کیا۔
اس تنقید کے ردِعمل میں انسٹاگرام پر ’سٹوری سیلر کامکس‘ کے نام سے موجود ہرش ویر جین نے کترینہ کے دفاع میں دو سلائیڈز پر مشتمل پوسٹ شیئر کی۔
پوسٹ میں انہوں نے کترینہ سے اپنی پرانی پسندیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’محض بچے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے کی بنیاد پر کسی خاتون کو ’ختم‘ قرار دینا نامناسب ہے۔‘
پوسٹ کی دوسری سلائیڈ میں کہا گیا تھا کہ ’کترینہ ایک ماں ہیں، ان کا کامیاب کاروبار اور پیشہ ورانہ و ذاتی زندگی ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر کسی کی جانب سے ان کے وزن پر تبصرہ ان کی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوگا‘، تاہم ایسے تبصرے اردگرد موجود خواتین کو متاثر کرسکتے ہیں۔
’زِندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’بینگ بینگ‘ کترینہ کیف کے ساتھ میں کام کرنے والے ریتک روشن نے مذکورہ پوسٹ کو لائک کیا۔
ریتک روشن نے پوسٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی براہ راست کترینہ کے خلاف ہونے والی تنقید پر کوئی بیان دیا۔
کترینہ کیف اور وِکی کوشل کے ہاں نومبر 2025 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کترینہ کے دفاع میں کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں تبدیلی ایک فطری عمل ہے اور کسی خاتون کو اس بنیاد پر تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
کترینہ کیف کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ 2024 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انہوں نے وجے سیتھوپتی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
