Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرون کیمرے سے پڑوسی کی نجی زندگی پر نظر رکھنے کا الزام، مصری شہری گرفتار

مصر کی پولیس نے ڈرون کے غیر اخلاقی استعمال کی شکایت موصول ہونے پر ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ملزم پر الزام ہے کہ وہ اپنے پڑوسی کی نجی زندگی پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون میں انتہائی حساس نوعیت کا کیمرہ فٹ کر کے اسے رات کے اندھیرے میں استعمال کیا کرتا تھا۔
آن لائن اخبار ’نیوز 24 ‘ کے مطابق مصر کی کمشنری القلیوبیہ کے پولیس اسٹیشن کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس کا پڑوسی ڈرون کیمرے کے ذریعے ان کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہا ہے۔
مدعی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ تین راتوں سے اس کی بالکونی کے باہر ایک ڈرون آتا ہے جو کچھ دیر تک رہنے کے بعد لوٹ جاتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ ڈرون اس کے پڑوس میں رہنے والے ایک نوجوان کا ہے جس نے اس میں کیمرہ نصب کر رکھا ہے ۔
پولیس نے شکایت موصول ہونے پر نوجوان کو گرفتار کر کے اس سے ڈرون برآمد کر لیا ہے جس پر انتہائی حساس نوعیت کا آئی پی کیمرہ نصب تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نے کہاں کہاں لوگوں کی نجی زندگی کی عکس بندی کی ہے۔

ڈرون کے ذریعے لوگوں کی نجی زندگیوں میں مداخلت کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ 

خیال رہے کہ ماضی میں نائٹ ویژن کیمروں اور دوربینوں سے لوگوں کی نجی زندگی میں دخل اندازی کی جاتی رہی ہے۔ آئے دن مختلف ملکوں میں اندھیرے میں دیکھنے والے کیمرے اور دوربینوں کی برآمدگی اور ان کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی خبریں معمول کی بات تھی۔
افعانستان سے سابق سوویت یونین کے انخلا کے بعد بڑی تعداد میں روسی نائٹ ویژن کیمرے اور دوربینوں کو مختلف ممالک میں سرعام فروخت کیا جاتا رہا بعدازاں حکومتی اداروں نے اس پر پابندی عائد کر دی تھی۔
دور حاضر میں ان کیمرے اور دوربینوں کی جگہ ڈرون کیمرے نے لے لی ہے کیونکہ محدود مسافت کے کھلونا ڈرونز کی فروخت پر کوئی پابندی نہیں۔

شیئر: