Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 راہول گاندھی مستعفی، کانگریس کا نیا صدر کون ہوگا؟

 کانگریس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے باضابطہ طور پر پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیدیا۔ انڈین میڈیا نے اس خبر کو نمایاں کوریج دی۔ ہیش ٹیگ را ہول گاندھی ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
راہول نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پروفائل سے کانگریس کے صدرکا عہدہ ہٹا دیا۔ اپنی پروفائل میں اب پارٹی صدر کی جگہ ’ رکن کانگریس‘ اور ’ رکن پارلیمنٹ ‘لکھا ہے۔ 
واضح رہے کہ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی صدارت سے استعفے کی پیشکش اورکانگریس کی ورکنگ کمیٹی سے نیا صدر منتخب کرنے کی درخواست کی تھی۔ ورکنگ کمیٹی نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے ان سے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیاں کرنے کی درخواست کی تھی۔ 
 انڈین خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ اب پارٹی صدر نہیں رہا ۔کانگریس کو نیا صدر منتخب کر لینا چاہئے۔ 
راہول نے 4صفحات پر مشتمل ایک کھلا خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے کانگریس رہنماﺅں کو جلد نئے صدر کے انتخاب کا مشورہ دیا اور خود نیا صدر نامزد کرنے کیلئے کارکنوں کی استدعا مسترد کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو فوری طور پر نیا صدر منتخب کرلینا چاہئے۔ اس پورے مرحلے میں ، میں کہیں نہیں ہوں۔ اپنے خط میں راہول نے کارکنان سے کہا کہ نظریاتی لڑائی کے دوران ہم اس وقت تک مخالفین کو شکست نہیں دے سکتے جب تک اقتدار کے حصول کی خواہش کی قربانی نہ دیں۔انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پارٹی اس بات کا بہتر فیصلہ کرے گی کہ آئندہ قیادت کس کو سونپی جانی چاہئے۔ 
واضح رہے کہ پہلی مرتبہ کانگریس کی قیادت نہرو خاندان سے باہر جاسکتی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئے صدر کا انتخاب ایک ہفتے میں ہوگا تب تک راہول گاندھی عبوری صدر رہیں گے۔ مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ سوشیل کمار سندے اور سابق اپوزیشن لیڈر ملکا رجن کا نام پارٹی صدارت کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔

شیئر: