Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمی کی شدت میں اضافہ، محکمہ موسمیات کو بھی ٹھنڈی ہواؤں کا انتظار

ہفتہ اور اتوار کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تصویر: اے ایف پی
ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے۔ اس حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ اسلام آباد اور گردو نواح کے علاقوں میں بارش کے برسنے کے لیے خلیج بنگال یا بحیرہ عرب کی جانب سے ٹھنڈی ہواؤں کے آنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب کی طرف سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے مگر اس میں درجہ حرارت کم نہ ہونے کی وجہ سے بارش نہیں ہو رہی۔

خلیج بنگال اور بحیرہ عرب کی طرف سے ہواوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تصویر: اے ایف پی

پری مون سون، جوکہ مون سون کے موسم سے قبل ہونے والی بارش ہوتی ہے، عام طور پر جون ختم ہونے سے پہلے شروع ہو جاتا ہے۔ لیکن اس بار اس میں تاخیر ہے جس کی وجہ سے گرمی زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔
ہیٹ ویو یا گرمی کی لہر سے متعلق سوال پر محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ گرمی کو ہیٹ ویو نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جون میں جولائی سے زیادہ گرمی ہوتی ہے لیکن ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے باعث گرمی زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔
تاہم ایک دو دن میں معمولی بارش متوقع ہے، جبکہ زیادہ بارش کے 8 یا 9 جولائی تک امکانات ہیں، جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگی۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ عام طور پر ماحول میں آبی بخارات کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب بڑھتا ہے جس کی وجہ سے گرمی میں شدت محسوس ہوتی ہے۔ مثلاً 40 ڈگری کے درجہ حرارت میں 45 یا 48 ڈگری جتنی گرمی محسوس ہوتی ہے۔
آج جمعرات کو ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک میں اگلے ہفتے سے موسون ہواؤں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ہفتے اور اتوار کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی، گلگت، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد دویژن اور اسلام آباد میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

شیئر: