Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مریم نواز نے جیل کے باہر بھوک ہڑتال کی دھمکی کیوں دی؟

 سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے پنجاب حکومت کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گھر کا کھانا مہیا کرنے پر پابندی کے خلاف جیل کے باہر بھوک ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔
 مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ ’جعلی حکومت نے نواز شریف گھر کے کھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کھانا لے جانے والا اسٹاف پچھلے 5 گھنٹے سے جیل کے باہر کھڑا ہے۔ میاں صاحب نے جیل کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا ہے۔ اگر انھوں نے اگلے 24 گھنٹے میں یہ پابندی واپس نا لی تو میں عدالت سے رجوع کروں گی۔‘

’عدالت سے بھی مدد نا ملی تو میں کو ٹ لکھپت جیل کے باہر جا کر بیٹھوں گی۔ بھوک ہڑتال بھی کرنا پڑی تو کروں گی۔ ان ظالموں پر مجھے بھروسہ نہیں ہے۔ یہ میاں صاحب کے کھانے میں کچھ بھی ملا سکتے ہیں۔ اس بات کو دھمکی نا سمجھا جائے کیونکہ میں یہ کر گزروں گی۔‘

حکومت انتقام کی آخری حد تک جا چکی: شہباز شریف

دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف ملک کے تین مرتبہ وزیر اعظم رہے ہیں اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک انتہائی قابل افسوس ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نواز شریف دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ گھر سے پرہیزی کھانے کو روکنا قابل مذمت اور بہت بڑا ظلم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گھر سے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نےمزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انتقام کی آخری حد تک جا چکی ہے۔ ’عمران خان سن لو۔ اس ظلم سے ہمارے حوصلے نہیں توڑے جا سکتے۔‘

جاتی امرا سے مضرصحت کھانا آتارہا

 وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پراپنے ردعمل میں کہا کہ نوازشریف عدالت سے سزایافتہ قیدی ہیں۔ جیل مینول میں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت نہیں۔
 نوازشریف کے لیے21 کارڈیالوجسٹ ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ جاتی امرا سے مضرصحت کھانا آتارہا۔ ’دل کے مریض کو روزانہ گوشت اورانڈے کھلائے گئے۔حکومت نے نوازشریف کوصحت افزا کھانا دینے کیلئے ماہرین کا بورڈ تشکیل دیا ہے۔‘ 
شہباز گل نے الزام لگایا کہ بیگم صفدر اب والدکی صحت پر پروپیگنڈا سے اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہیں۔ ’آپ شوق سے عدالت جائیں۔ خلاف قانون کچھ نہیں ہوگا۔ ہم بھوک ہڑتال اوردھرنوں کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے۔ کیلبری کوئین کا ویڈیو ڈرامہ فلاپ ہوا تو نیا ڈرامہ رچانا چاہتی ہیں۔‘
قبل ازیں ایک ٹوئیٹ میں شہباز گل نے کہا تھا کہ نواز شریف کریلے گوشت، قورمہ، بینگن گوشت مزے لے لے کرکھا رہے ہیں۔ ’کیا دل کا مریض ایسا کھانا کھاتا ہے؟ نواز شریف کو جیل میں وزیر اعظم سے بھی زیادہ سہولتیں مل رہی ہیں۔‘

شیئر: