Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وینس میں جرمن سیاحتی جوڑے کو کافی 950 یورو میں پڑی

وینس میں سیر کے لیے ہر سال تین کروڑ سیاح آتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
جرمن سیاحتی جوڑے کو اٹلی کے سیاحتی شہر وینس میں مشہور ریالٹو برج کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر نہ صرف کافی پینا مہنگا پڑ گیا، بلکہ فوری طور پر شہربھی چھوڑنا پڑا۔
اٹالین حکام کے مطابق برلن سے تعلق رکھنے والا سیاحتی جوڑا اپنی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے ریالٹو برج پر بیٹھ گیا، اس دوران انہوں نے اپنے پاس موجود کافی بنانے کا سامان نکالا اور اسے پینے لگے۔ ایسے میں قریب سے گزرنے والے شخص نے انہیں دیکھا اور پولیس کو رپورٹ کر دی۔
پولیس نے حال ہی میں لاگو ہونے والے قانون کے تحت انہیں 950 یورو جرمانہ کر دیا جس پر سیاحوں نے بحث و تکرار شروع کر دی، پولیس نے انہیں فوری طور پر وینس شہر چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

قریب سے گزرنے والے ایک شخص نے سیاح جوڑے کو دیکھا اور پولیس کو رپورٹ کر دی (فوٹو: اے ایف پی)

وینس کے میئر لویگی بروگنارو نے کہا کہ ’وینس کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے اور ایسا نہیں ہو سکتا کہ غیر مہذب لوگ یہاں آ کر جو چاہے کریں، مقامی پولیس کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکتے، انہیں روکا جا سکتا ہے اور جرمانہ کیا جا سکتا ہے اور واپس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔‘
میئر نے کہا کہ اب قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت اٹلی میں موجود ان کے سفارت خانوں سے شیئر کی جائے گی۔
مئی میں لاگو ہونے والے قوانین کے تحت وینس میں شائستگی، صفائی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وینس کی آبادی پچپن ہزار ہے لیکن یہاں سیر کے لیے ہر سال تین کروڑ لوگ آتے ہیں۔

پولیس نے بحث و تکرار کرنے والے جوڑے کو وینس چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

قانون کے تحت مختلف سیاحتی مقامات پر پکنک منانے، فواروں میں نہانے اور عوامی جگہوں پر شرٹ نہ پہننے پر بھی پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے ادا کرنا پڑتے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں