Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وُڈ : کامیاب اداکاروں کی ناکام شادیاں

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے اکٹھے فلموں میں کام بھی کیا، تصویر: اے ایف پی
امریکی فلم انڈسٹری جسے ہالی وڈ کہا جاتا ہے، دنیا کی سب سے بڑی فلمی صنعت ہے۔ ہالی وڈ کی فلمیں دنیا بھر میں دیکھی جاتی ہیں اور یہاں پر کام کرنے والے اداکاروں اور اداکاراؤں کی شہرت دنیا بھر میں پھیل جاتی ہے۔
ہالی وڈ میں جہاں ہیرو اور ہیروئین ایک ساتھ کام کرتے ہیں وہیں ان کے درمیان محبت بھی پروان چڑھتی ہے اور پھر نوبت شادی تک آ جاتی ہے، لیکن دیکھا گیا ہے کہ جتنی تیزی سے یہ شادیاں ہوتی ہیں اکثر اوقات اتنی ہی جلدی علیحدگی بھی ہو جاتی ہے۔ 

انجلینا جولی سے قبل بریڈ پٹ نے اداکارہ جینیفر انسٹن سے شادی کی تھی، تصویر: اے ایف پی

یہاں ہم آپ کو ہالی وڈ کے چند مشہور فلمی جوڑوں کا احوال بتائیں گے جن میں لو میرج کے بعد اب علیحدگی ہو چکی ہے۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ:

ہالی وڈ کا یہ انتہائی معروف فلمی جوڑا 10 برس اکٹھے گزارنے کے بعد شادی کے بندھن میں بندھا۔ دونوں کے درمیان 2004 میں فلم ’ مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران قربتیں پیدا ہوئیں۔ 2012 میں دونوں نے منگنی اور 2014 میں باضابطہ شادی کی اور ستمبر 2016 میں دونوں کے درمیان طلاق بھی ہو گئی۔

ٹام کروز نے ہالی وڈ کی آسٹریلوی اداکارہ نکول کڈمین سے 24 دسمبر 1990 میں شادی کی، تصویر: اے ایف پی

بریڈ پٹ اور جینیفر انسٹن:

انجلینا جولی سے قبل بریڈ پٹ نے معروف اداکارہ جینیفر انسٹن سے شادی کی تھی۔ دونوں نے 29 جولائی 2000 میں شادی کی اور قریباً پانچ برس اکٹھے رہنے کے بعد دونوں میں 2 اکتوبر 2005 میں طلاق ہو گئی اور طلاق کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ انجلینا جولی ہی تھیں۔

ٹام کروز اور نکول کڈمین:

ہالی وڈ کی معروف فلم سیریز ’ مشن امپوسیبل‘ کے ہیرو ٹام کروز اور ہالی وڈ کی آسٹریلوی اداکارہ نکول کڈمین کے درمیان محبت کی کہانی دونوں کی فلم ’ ڈیز آف تھنڈر‘ کی شوٹنگ کے دوران سے شروع ہوئی اور دونوں نے 24 دسمبر 1990 میں شادی کر لی۔ واضح رہے کہ یہ ٹام کروز کی دوسری شادی تھی۔ دونوں سٹارز نے 11 برس ایک ساتھ گزارے اور 2001 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔


ٹام کروز اور کیٹی ہومز:

نکول کڈمن سے علحیدگی اختیار کرنے کے بعد ٹام کروز کی نظر ایک اور اداکارہ کیٹی ہومز پر پڑی اور دونوں میں 2005 میں ملاقاتیں بھی شروع ہو گئیں۔ دونوں نے 2006 میں شادی کر لی۔ یہ ٹام کروز کی تیسری شادی تھی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دونوں میں 2012 میں طلاق ہو گئی۔ ٹام کروز اور کیٹی ہومز کا ایک بچہ بھی ہے۔

ڈیمی مور اور بروس ولس:

ہالی وڈ کی کئی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور اداکارہ ڈیمی مور اور معروف اداکار بروس ولس کی شادی 1987 میں ہوئی۔ یہ ڈیمی مور کی دوسری شادی تھی۔ شادی کا یہ بندھن 2000 تک چلتا رہا جس کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی۔


ڈیمی مور اور ایشٹن کُچر:

بروس ولس سے طلاق کے بعد ڈیمی مور نے تیسری شادی نوجوان اداکار ایشٹن کُچر سے کی۔ واضح رہے کہ جب دونوں کی شادی ہوئی تو اس وقت ڈیمی مور کی عمر 43 برس تھی جبکہ ایشٹن صرف 27 سال کے تھے اور دونوں کی عمر میں 16 برس کا فرق تھا۔ یاد رہے کہ اس وقت ڈیمی تین کم سن بچیوں کی ماں بھی تھیں۔ دونوں نے 2005 میں شادی کی اور آٹھ برس تک یہ رشتہ نبھایا اور اس کے بعد 2013 میں دونوں نے اپنی اپنی راہیں جدا کر لیں۔

جونی ڈیپ اور ایمبر ہارڈ:

پائریٹس آف کیریبین ہالی وڈ کی مشہور فلم سیریز ہے اور اس کا کردار کیپٹن جیک سپیرو کو تو ہر کوئی جانتا ہے۔ جی ہاں یہ کردار جونی ڈیپ ادا کرتے ہیں۔ جونی ڈیپ نے 2015 میں ہالی وڈ اداکارہ ایمبر ہارڈ سے شادی کی اور صرف دو برس بعد ہی دونوں میں طلاق ہو گئی۔
ایمبر ہارڈ نے 2016 میں الزام لگایا کہ جونی ڈیپ انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جس کے بعد دونوں میں 31 جنوری 2017 کو باضابطہ طلاق ہو گئی۔ طلاق کے بعد ایمبر ہارڈ کو جونی ڈیپ سے تصفیے کی مد میں 7 ملین ڈالرز کی رقم ملی جو انہوں نے گھریلو تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے وقف کر دی۔

شیئر: