Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر مسلم لیگ (ن) اور مولانا کی حکومت آگئی‘

خان صاحب اور تحریک انصاف دعا کریں کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے ۔
 پیپلزپاٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کبھی کسی کو گرفتار کرنے کا حکم نہیں دیا ۔ کراچی میں تحریک انصاف کے ایم این اے کے ساتھ پیپلزپارٹی کے کارکن بھی گرفتار ہوئے، وہاں امن ومان کا مسئلہ تھا۔ لڑائی جھگڑا ہوا تھا۔
 ’ بدقسمتی سے تحریک انصاف کا فاشسٹ مائنڈ سیٹ ہے۔ وہ کسی کی عزت نہیں کرتے۔ پولیس اہلکار وردی میں تھے ،انہیں مارا گیا۔ ردعمل میں گرفتاریاں ہوئیں ۔سنا ہے جسے پکڑا گیا تھا وہ باہر بھی آگیا ،پوری پی ٹی آئی رو رہی ہے‘۔
 سابق صدر آصف زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے مزید کہا کہ ’انہیں احساس کرنا چاہئیے کہ یہ کوئی سیاسی انتقام نہیں ہے۔ خان صاحب اور تحریک انصاف دعا کریں کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے جو سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی‘۔
 بلاول نے مسکراتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو پھر.. میں کیا کہوں اور اگر مولانا کی حکومت آئی تو پھر توبہ توبہ ...عمران خان کے ساتھ جو حالت ہونے والی ہے۔
سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پر نیب مقدمات کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ یہ جو پیپلزپارٹی اور ہمارے خاندان کے ساتھ ہو رہا ہے ہمارے لئے نئی بات نہیں۔ یہ نیا ایشو نہیں ہے۔ جب ہم بچے تھے یہ دیکھ رہے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان آج بھی وہی غیر جمہوری پاکستان ہے جہاں سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں گرفتار کیا جاتا ہے۔ ان کے نظریے کا مقابلہ نہیں کیا جاتا ۔
 چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعوی کیا کہ موجودہ حکومت میں وہ اہلیت ہے اور نہ صلاحیت ہے کہ وہ سیاست اور حکومت کرسکے۔ بدقسمتی سے اس کا نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے۔ غریب عوام کو ان کی ناکامی کا بوجھ مہنگائی اور ٹیکسز کی صورت میں اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پیپلزپارٹی نے ایوب خان کی آمریت کا مقابلہ کیا ۔جنرل ضیاءجیسی آمریت کا مقابلہ کیا تو آج یہ کٹھ پتلی تو کوئی چیز ہی نہیں ہے۔ ہم انہیں پاکستان کے عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے ۔
بلاول نے بتایا کہ جب میں اور آصفہ سابق صدر زرداری سے جیل میں ملنے گئے تو انہوں نے خود اپنا اے سی بند کیا۔ ہم نے پوچھا آپ یہ کیا کر رہے ہیں تو زرداری صاحب نے کہا کہ میرے لئے تو یہ بڑی بات نہیں ہے ۔میں اے سی کے بغیر بھی رہ سکتا ہوں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ’ زرداری بہادر سیاستدان ہیں۔ ہم جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔18 ویں ترمیم ،پارلیمانی نظام اور میڈیا کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔

شیئر: