Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ میں ناکامی، پیپلز پارٹی نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو: رؤئٹرز)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد میں ناکامی کے بعد صادق سنجرانی کے حق میں ووٹ ڈالنے سینیٹرز کا پتا لگانے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پانچ ارکان پر مشتمل ہے جن میں یوسف رضا گیلانی، نیر حسین بخاری، سعید غنی، صابر بلوچ اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کمیٹی میں چاروں صوبوں سے پارٹی رہنماؤں کو شامل کیا گیا ہے۔

 اپوزیشن کی بڑی جماعتیں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے پرامید تھیں، تصویر: اے ایف پی

بیان کے مطابق یہ کمیٹی جمعرات یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے کی جانے والی ووٹنگ میں اپوزیشن کی ناکامی میں اپنا کردار ادا کرنے والے پارٹی سینیٹرز کی نشاندہی کرے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ووٹنگ ہوئی تھی جس میں حکومت کو کامیابی ملی تھی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ ’چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو سینیٹ میں ہونے والی ’ہارس ٹریڈنگ‘ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس میں منفی کردار ادا کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

اپوزیشن کی اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ ہوا تھا، تصویر: مسلم لیگ ن میڈیا

فرحت اللہ بابر کے مطابق ’بلاول بھٹو نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے کہ آخر کیوں اکثریت میں ہونے کے باوجود اپوزیشن کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پیپلز پارٹی کے کسی سینیٹر کے اس معاملے میں قصوروار پائے جانے پر اسے سزا دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ 26 جون کو اسلام آباد میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی اپنے سینیٹرز کے حوالے سے معاملے کی تحقیقات کریں گی۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی ایسی ہی ایک کمیٹی بنائے جانے کی اطلاعات آرہی ہیں تاہم کمیٹی کو تاحال حتمی شکل نہیں دی گئی۔

شیئر: