Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، او آئی سی سیکریٹری جنرل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی ) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے انڈیا کے زیر کنٹرول کشمیر میں بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اوآئی سی نے اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی اور انڈین فورسز کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ممنوعہ کلسٹر ایمونیشن کے استعمال کی رپورٹس پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل نے لائن آف کنٹرول پر انڈین فورسز کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات پر دکھ کا اظہار کیا ۔اوآئی سیکریٹر ی جنرل نے انڈیا کے زیر کنٹرول جمو ں وکشمیر میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا۔
اوآئی سی نے انپے موقف کو دہرایا کہ عالمی برادری جموں وکشمیر کے تنازع کے پرامن حل کے لئے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے آگے بڑھے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزاد اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔
 ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کواو آئی سی کے سیکریٹری جنرل  ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
 شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو کشمیر کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرپاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے معصوم کشمیریوں پر طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انڈیاکشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کرکے عالمی قوانین توڑ رہا ہے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو یقین دلایا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں گے اور ہر ممکن تعاون کریںگے۔

شیئر: