Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’70 دنوں میں آرٹیکل 370 ایک تاریخ بن گیا‘

کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اب ہر انڈین یہ فخر سے کہہ سکے گا کہ ’ایک قوم ایک آئین‘۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے یوم آزادی کے موقع پر نئی دلی کے لال قلعے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی وجہ سے وہاں کرپشن، اقربا پروری اور خواتین اور بچوں کے ساتھ ناانصافی جیسے مسائل تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ کہ ہمیں ایک نئی سوچ کی ضرورت تھی کہ کشمیر میں امن آئے۔
’ ہم مسائل کو طول نہیں دینا چاہتے، نئی حکومت کے 70 دنوں میں آرٹیکل 370 ایک تاریخ بن گیا ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق 68 برس کے نریندر مودی کی تقریر ’جے ہند‘ کے نعرے پر ختم ہوئی۔

تقسیم ہند کے وقت سے کشمیر پاکستان اور انڈیا کے درمیان وجہ تنازع ہے، کشمیر کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ اور سرحدی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کی تین طلاق کے مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کے سر پر تین طلاق کی تلوار لٹکتی تھی۔
’اسلامی ملکوں نے بھی تین طلاقوں کے مسئلے کو ختم کیا، اگر ہم جہیز جیسے مسائل کے خلاف آواز اٹھا سکتے ہیں تو کیوں نہ ہم تین طلاق کے مسائل پر آواز اٹھائیں۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم مودی کی تقریر میں جو سب سے متنازع اعلان کیا گیا وہ چیف آف ڈیفنس سٹاف کے نئے عہدے کا تھا۔ 
وزیراعظم مودی نے کہا ’ہماری افواج انڈیا کا فخر ہے، مسلح افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے لیے میں ایک بڑا اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ اب انڈیا کا ایک چیف آف ڈیفنس بھی ہوگا۔‘ 
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے کمزور ہوتی معیشت پر بات نہیں کی۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ اگلے پانچ برسوں میں انفراسٹرکچر پر سو ٹریلین روپے خرچ کریں گے۔
 

شیئر: