Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرین حرم کی سہولت کے لیے نیا منصوبہ

جدہ سے مکہ تک نئی شاہراہ کی تکمیل سے یہ فصلہ محض 35 منٹ سے بھی کم میں طے کیا جا سکے گا۔
جدہ سے مکہ تک کا طویل فاصلہ نئی شاہراہ کی تکمیل سے محض 35 منٹ سے بھی کم میں طے کیا جا سکے گا۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اترنے والے مسافرین جدہ شہر سے گزرنے کے بجائے اب ایئر پورٹ سے براہ راست مکہ مکرمہ جا سکیں گے۔ حج اور عمرہ کی غرض سے آنے والوں کو سہولت دینے کے لیے نئی شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے۔ 
مکہ نیوز پیپر کے مطابق سعودی وزارت ٹرانسپورٹ نے حجاج اورعمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو سہولت مہیا کرنے کی غرض سے مکہ مکرمہ کو جدہ ایئرپورٹ سے نئی شاہراہ کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لمبائی 72 کلو میٹر ہوگی۔ اس کا آغاز جدہ میں ایئرپورٹ فلائی اوورسے ہوگا جو مکہ مکرمہ میں رنگ روڈ 3 سے جا کر جڑے گی۔

مکرمہ کو جدہ ایئرپورٹ سے جوڑنے کے لئے 72 کلو میٹر طویل نئی شاہراہ پر تعمیرکا کام شروع ہوچکا ہے ( فوٹو: مکہ اخبار)

نئی شاہراہ کو ’جدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ آنے اور جانے والی ہر سمت میں ٹریفک کے لیے چار ٹریک رکھے جائیں گے۔ اس پر حد رفتار140 کلو میٹر ہوگی۔ ہائی وے کا سفر اسی حد رفتار سے کیا جائے تو نکتہ آغاز سے نکتہ انتہا تک کی مسافت 20 منٹ میں طے ہوسکے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ پہنچنے والے حجا ج اورعمرہ کے لیے آنے والوں کو مکہ مکرمہ جانے یا مکہ مکرمہ سے جدہ ایئرپورٹ تک آنے کے لیے شہر سے گزرنا پڑتا ہے۔ دوسری صورت بریمان ہائی وے ہے جہاں سے حجاج کو لے جایا جاسکتا ہے تاہم دونوں ہائی ویز تک پہنچنے کے لیے شہر کی بھیڑ سے گزرنا ضروری ہے۔ ’جدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ‘ کی خصوصیت یہ ہے کہ حجاج شہر کی بھیڑ سے بچتے ہوئے مکہ سے جدہ ایئرپورٹ اور ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ پہنچ سکتے ہیں۔ 

مکہ جدہ ڈائریکٹ روڈ شہر کی بھیڑ سے دور تعمیر کی جارہی ہے۔  ( فوٹو: مکہ اخبار)

وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ’جدہ مکہ ڈائریکٹ روڈ‘ سے دونوں شہروں کے رہائشیوں کو بھی فائدہ ہوگا، خاص طور پر جدہ کے شمالی علاقوں میں رہنے والے اس سے مستفید ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ نئی شاہراہ پرکام شروع ہوچکا ہے۔ منصوبہ آگے کے مراحل میں ہے اور بہت جلد اسے مکمل کرلیا جائے گا۔

شیئر: