Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین ایئرپورٹ پر سامان لے جانے کے ضوابط

نئے قانون کے تحت اس طرح اب بحرین ایئرپورٹ پر سامان قابل قبول ہوگا.
بحرین ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کیلئے سامان لیجانے کے نئے ضوابط مقرر کردیئے۔ انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی آمد و رفت بہتر انداز میں جاری رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ سامان کے نئے ضوابط کا خیال رکھا جائے۔
اخبار الخلیج کے مطابق بحرین ایئرپورٹ پر اب مسافروں کے زیادہ وزن لادنے کی وجہ سے بگڑ جانے والی شکلوں کے سوٹ کیس قبول نہیں ہونگے۔ رسیوں سے بندھے ہوئے بیگ اور کارٹن کے علاوہ گول مٹول شکل کی بڑی تھیلیاں اور کمبل میں لپٹا ہوا بیگ  وصول نہیں ہوگا۔


ایئرپورٹ پر مسافر تھیلوں میں سامان لیجارہے ہیں جو اب بحرین میں ممنوعہ ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مختلف حجم کے سوٹ کیس کے ضوابط مقرر کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر جگہ جگہ ان کی تصاویر آویزاں کردی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 23 کلو کی گنجائش والے سوٹ کیس لائیں جنہیں گھر سے یا ایئرپورٹ پر ریپ کروایا جائے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ معمول کے حجم سے زیادہ سامان سے بچوں کی اسٹرالر، سائیکل، وہیل چیئراور گالف کٹ کو استثنیٰ ہوگا۔ اسی زمرے میں دیگر چیزیں بھی آتی ہیں جنہیں سامان پیک کرنے میں استعمال نہیں کیا جاتا۔ جیسے گٹار یا اس طرح کی دیگر اشیاء۔


مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 23 کلو کی گنجائش والے سوٹ کیس لائیں جنہیں گھر سے یا ایئرپورٹ پر ریپ کروایا جائے۔

اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کے سربراہ مائیکل ہوہینبر نے بتایا کہ مسافروں کے سامان کے نئے ضوابط عالمی معیار کے مطابق رکھے گئے ہیں۔ اسکا مقصد مسافروں کی آمد و رفت میں سہولت پیدا کرنی ہے۔ بحرین ایئرپورٹ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ مسافروں کا سامان بروقت اور صحیح سلامت ان تک پہنچے۔

شیئر: