Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں حوثیوں کا معروف کمانڈر ہلاک

یمن کی شمال، مغربی  کمشنری حجہ میں ایران نواز حوثی باغیوں کا مشہور لیڈر حسن فاید الحاتمی کے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ عربی نیوز ویب سائٹ سبق  نے سکائی نیوز کے حوالے سے لکھا ہے کہ حوثی لیڈر یمن کے علاقے حرض کے ایک معرکے میں ہلاک ہوا ۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق حوثیوں نے الحاتمی کی نعش کو افلح کمشنری میں دفن کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الحاتمی حوثی باغیوں میں غیر معمولی شہرت کا حامل تھا، وہ افلح کمشنری میں حوثیوں کے معروف رہنما ابراہیم الحاتمی کا بھائی تھا۔ دونوں بھائیوں کے ہاتھ افلح کمشنری میں بے گناہوں کے خون سے رنگے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الحاتمی کا شمار اہم جنگجو لیڈروں میں ہوتا تھا جسے حوثیوں میں غیر معمولی شہرت حاصل تھی ۔ دریں اثناء سکائی نیوز کا کہنا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کو یمن کی الحدیدہ کمشنری کے جنوب مغربی علاقے الدریھمی کے ایک معرکے میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

 

اس معرکہ میں یمن کی سرکاری فوج نے باغیوں کوبھاری نقصان پہنچا جس کی وجہ سے وہ کافی حد تک پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یمن کے شمال میں واقع  صعدہ کے علاقے میں یمن کی سرکاری افواج نے حوثی باغیوں کو غیر معمولی نقصان سے دوچار کیا تھا۔ صعدہ کے معرکے میں بھی حوثیوں کا اہم کمانڈر قیس الھمدانی کے علاوہ الحاذق، ابو شاہر السمابی ، لطف عبداللہ  سمیت حوثیوں کے دیگر اہم قائدین بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ 
یمن  کے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ حوثی باغی جب ایک مقام سے پسپائی اختیار کر تے ہیں تو وہاں بارودی سرنگیں نصب کر دیتے ہیں جس سے معصوم شہریوں کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے اس حوالے سے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ حوثیوں پر دباؤ ڈالیں کہ شہری آبادی والے علاقوں سے دور رہیں اور معصوم و بے گناہ شہریوں کو بارودی سرنگوں میں نہ گھیریں۔ 

شیئر: