Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصری کوششوں کی حمایت

سینا میں مصری فوج عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصری کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
شمالی سینا میں دہشت گرد حملے کے بعد سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت خارجہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مصر ی حکومت سے مکمل اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بیان میں مصری حکومت ، برادر عوام اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا گیا۔

داعش نے شمالی سینا حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔فائل فوٹوالعربیہ نیٹ

 یا د رہے کہ شمالی سینا میں جمعہ کو سیکیورٹی چوکی پر عسکریت پسندوں کے حملے میں آٹھ فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوگئے تھے ۔
سیکیورٹی اور طبی ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے شمالی سینا میں خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ بعد ازاں جنگی طیاروں نے عسکریت پسندوں کی گاڑیوں اور موٹرسا ئیکلوں کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی نے شمالی سینا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ ایک بیان میں کہا کہ’ مصر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرے گا‘۔
 یاد رہے کہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اپنی نیوز ایجنسی عمق سے جاری ایک بیان میں داعش نے 15 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
جزیرہ نما سینا کے شمالی حصے میں مصری فوج ایک عرصے سے عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ سیکڑوں فوجی ، پولیس اہلکار اور شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
 اس سے قبل مصری وزارت دفاع سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور وسطی سینا میں کچھ عرصے کے دوران 118 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تاہم بیان میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔

شیئر: