Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ایک روزہ سیریز جیت گیا

آخری میچ میں فخر زمان نے 76 جبکہ عابد علی نے 74 رنز بنائے، فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے 298 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز دو صفر سے جیت لی۔ پاکستان نے یہ ہدف 48 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔
298 رنز کے ہدف کے حصول میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور عابد علی نے ٹیم کو 123 رنز کا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا۔ 
اوپنر عابد علی 74 اور بابر اعظم 31 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ حارث سہیل نے بھی عمدہ بلے بازی کی اور 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 22 رنز بنانے کے بعد کمارا کی گیند پر بولڈ ہو گئے، دوسرے میچ میں سینچری بنانے والے بابر اعظم 31 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم 31 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے، فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے دو جبکہ کمارا اور ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔ اوپنر گُونا تھلاکا نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سینچری سکور کی۔ وہ 133 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
سری لنکا کی طرف سے شناکا نے 43 جبکہ بھنوکا اور تھری مانے نے 36، 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین جبکہ محمد نواز، وہاب ریاض، عثمان شنواری اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان میں 10 برس بعد سٹیڈیمز کی رونقیں بھی بحال ہوئیں، فوٹو: اے ایف پی

عابد علی کو مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
سیریز میں کامیابی کے بعد کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے ہوم گراؤنڈ پر سیریز کھیلنے کا سلسلہ چلتا رہے گا۔
سری لنکن کپتان تھریمانے کا کہنا تھا کہ ان کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بہت کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ محمد نواز جبکہ زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ عابد علی کو موقع دیا گیا۔

محمد عامر نے تین سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ سری لنکا کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز منود بھنوکا نے اس میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔
یاد رہے کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ 3 مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 برس بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، تاہم اس دورے کے لیے سری لنکا کے سینیئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔

نیشنل سٹیڈیم کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہو رہا ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 5 اکتوبر، دوسرا 7 اکتوبر اور تیسرا اور آخری میچ 9 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: