Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: پاکستان کی سری لنکا کے خلاف فتح

کراچی کے نیشل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی ہے۔
دوسرے میچ میں 306 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ سپنر شاداب خان نے دو جبکہ محمد عامر، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر عثمان شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ ابتدا میں لڑ کھڑا گئی تھی اور صرف 28 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی پانچ وکٹیں گر گئی تھیں  تاہم اس موقعے پر شاہان جے سوریا اور داسن شناکا نے چھٹی وکٹ کے لیے 150 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم بعد 205 کے مجموعی سکور پر چھٹی وکٹ گرنے کے بعد سری لنکن بیٹسمن کوئی بڑی پارٹنرشپ نہ بنا سکے۔

عثمان شنواری نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کی طرف سے جے سوریا 96 اور شاناکا 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 
بابر اعظم کی شاندار سنچری اور فخر زمان کی ففٹی کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز سکور کیے۔ 
 پاکستان کو 71 رنز کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب امام الحق کو ڈی سلوا نے 31 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے کلینڈر ایئر میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ فوٹو اے ایف پی

 فخر زمان 54 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار سنچری سکور کیں۔ انہوں نے 115 رنز بنائے۔
حارث سہیل نے 40 رنز سکور کیے جبکہ کپتان سرفراز احمد صرف آٹھ رنز بنا سکے۔ عماد وسیم نے 12 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 3 روزہ ون ڈے سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو ہونا تھا تاہم جمعہ کے روز ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں پہلا ون ڈے منسوخ کردیا گیا تھا۔

امام الحق 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ فوٹو: بی سی بی

بابر اعظم کا اعزاز

سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمن بابر اعظم نے شاندار سنچری سکور کی۔ انہوں نے 115 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے کلینڈر ایئر میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
بابر اعظم نے 11 سنچریوں کے ساتھ پاکستان کے محمد حفیظ کی جانب سے سکور کیے جانے والے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے صرف سعید انور اور محمد یوسف نے بابر اعظم سے ذیادہ سنچریاں سکور کی ہیں۔ سعید انور نے 20 جبکہ محمد یوسف نے پاکستان کی جانب سے 15 سنچریاں سکور کی ہیں۔
دوسرے ون ڈے کے لیے پاکستان کی ٹیم سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور عثمان شینواری پر مشتمل ہے۔
مہمان ٹیم کی طرف سے لاہیرو تھریمانے، سادیرا سمارا وکرما، دانشکا گناتھلاکا، اوشکا فرنینڈو، اوشادا فرنینڈو، شیہان جے سوریا، داسن شناکا، اسورو اودانا، وانندو ہاسارنگا، نوان پردیپ اور لاہیرو کمارا کھیل رہے ہیں۔
پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی

خیال رہے کہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں اس سے قبل کوئی میچ بارش کے باعث منسوخ نہیں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 2009 کے بعد پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ منعقد ہو رہا ہے۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ دو اکتوبر کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی لاہیرو تھریمانے کر رہے ہیں۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستانی ٹیم کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ تینوں میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

شیئر: