Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجر فیڈرر بھی بالی وڈ کی فلموں کے مداح

راجر فیڈرر کو 20 مرتبہ ’گرینڈ سلیم ٹائٹل‘ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، فوٹو: روئٹرز
سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے  والے عالمی شہرت یافتہ ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے بدھ کی صبح ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے ٹینس یا اس سے متعلق کوئی چیز نہیں بلکہ فلموں کے حوالے سے رائے مانگی کہ وہ انہیں کوئی فلم دیکھنے کے لیے تجویز کریں۔
اس کے بعد کیا تھا کہ ان کے مداحوں نے ان کے ٹوئٹر ہینڈل کے کمنٹس سیکشن کو فلموں کے ناموں اور تجاویز سے بھر دیا۔ کچھ مداحوں نے تو سنجیدگی سے انہیں مختلف فلمیں تجویز کیں لیکن بہت ساروں نے ان کے مختلف میچز کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے تبصرے کیے کہ ان کی پسندیدہ ترین ’فلم‘ تو یہ ہے۔

راجر  فیڈرر نے بدھ کی صبح اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’ کوئی فلم تجویز کریں۔‘
خیال رہے کہ راجر فیڈرر کو ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ یعنی 20 مرتبہ ’گرینڈ سلیم ٹائٹل‘ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ اس وقت اے ٹی پی کی رینکنگ میں راجر فیڈرر عالمی نمبر 3 کھلاڑی ہیں تاہم وہ ریکارڈ 310 ہفتے اے ٹی پی کی رینکنگ پر عالمی نمبر 1 کھلاڑی کا اعزاز رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 237 ہفتے تسلسل کے ساتھ اس اعزار کو برقرار رکھا۔
سوئٹزر لینڈ کے ٹینس سٹار کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ 2002 سے 2016 تک مسلسل اے ٹی پی کی ٹاپ 10 رینکنگ میں شامل رہے۔  

فیڈرر کی فلم کے حوالے سے تجویز مانگنے پر اگرچہ بالی وڈ کے فلمی شائقین بھی میدان میں کودے اور مختلف فلمیں تجویز کیں تاہم  تھوڑی دیر بعد فیڈرر نے دوبارہ اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے مداحوں سے کہا کہ وہ بالی وڈ کی کسی کلاسک فلم کا نام بتائیں۔
ٹوئٹرصارفین نے ’تھری ایڈیٹس، گول مال، انداز اپنا اپنا، شعلے، سلم ڈاگ ملینیئر، لگان، جودھا اکبر اور دنگل سمیت کئی بالی وڈ فلمیں فیڈرر کو دیکھنے کے لیے تجویزکر ڈالیں۔ فیونا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے فیڈرر کے ٹائٹل اٹھانے کا مختصر کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ یہ 3 گھنٹے اور 38 منٹ طویل دورانیے کی میرا پسندیدہ فلم ہے۔‘
طلحہ کپاڈیا نامی صارف نے لکھا کہ’ تھری ایڈیٹس! جدید کلاسیک ہے جو کہ آپ کو یقیناً پسند آئے گا۔‘
رولکس ایس ایچ ماسٹرز نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ بالی وڈ، ہالی وڈ کلاسیک ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے بار ے میں کیا خیال ہے۔‘

اینڈ کلر پاکٹ ٹی نامی ہینڈل نے ’انداز اپنا اپنا‘ تجویز کر دی جبکہ مانک گپتا نے ’لگے رہو منا بھائی‘ دیکھنے کی تجویز دی۔

دیبی نامی صارف نے فیڈرر کو ’رنگ دے بسنتی‘ فلم دیکھنے کی تجویز دے دی۔
یاد رہے کہ 2016 میں انٹرنیشنل پریمپئر ٹینس لیگ کے موقع پر راجر فیڈرر کی بالی وڈ سٹارز دیپکا پاڈوکون، عامر خان، اکشے کمار اور رتیش دیش مکھ سے ملاقات ہوئی تھی جس کی تصاویر بہت زیادہ وائرل ہوئیں۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز اسپورٹس“ گروپ جوائن کریں

شیئر: