Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی میڈیا تعاون کا معاہدہ

فردوس عاشق اعوان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گی۔فائل فوٹو
پاکستان اور سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسیوں کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے پر دسمبر میں دستخط کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گی۔
 عرب نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا اس سال اگست میں سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں مملکت روشن خیال اور ترقی پسند بن گئی ہے۔فائل فوٹو: اے ایف پی

 فردوس عاشق اعوان نے کہا ’پاکستان اور سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل پروگرام کا تبادلہ کریں گے۔ میڈیا وفود کے تبادلے پر بھی کام کررہے ہیں‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’ دسمبر 2019 تک فریم ورک کو حتمی شکل دیں گے اور 2020 دونوں ممالک کے مابین مضبوط میڈیا مصروفیات کا نیا دور ہو گا۔
 انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے شعبے میں تعاون سے پاکستان میں سعودی عرب کے’ شدید قدامت پسند ملک‘ ہونے کے تاثر کو تبدیل کرنے میں مدد ملے گی‘۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ’ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں مملکت روشن خیال اور ترقی پسند بن گئی ہے۔ دنیا کو اب نئے سعودی عرب کے بارے میں مزید معلومات مل رہی ہیں‘۔
 ’ہمیں اس تبدیلی کو سامنے لانا ہو گا ، دونوں ملک میڈیا اور اطلاعات کے شعبے میں مل کر یہ کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ایک میکنزم ڈیزائن کیا جارہا ہے‘۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ’ پاکستان میڈیا سے میڈیا اورعوام سےعوام کے رابطوں کے ذریعے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط شراکت دار کے طور پر کھڑا ہوگا‘۔ 
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے دنیا بھی میں اسلام کے حقیقی امیج کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ ابلاغی حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ’ پاکستا ن اور سعودی عرب تجارتی روابط بہتر بنا رہے ہیں اور سیاحتی شعبے میں تعاون کر رہے ہیں۔ سعودی عرب،پاکستان کا حقیقی معاشی شراکت دار ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: