Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت سے زیادہ عمر کے غیر ملکی نکالنے کی تجویز

رکن پارلیمنٹ کے مطابق غیر ملکیوں کی اکثریت سے عربی زبان اور ثقافت بگڑ رہی ہے، فوٹوالقبس
کویتی رکن پارلیمنٹ صفا الہاشم نے تجویز دی ہے کہ تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والے 40 سال سے زیادہ عمر کے غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے۔ 
کویت کے مقامی اخبار القبس کے مطابق صفا الہاشم نے پارلیمنٹ میں تجویز پیش کی ہے جس پر آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
کویتی رکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ انہوں نے 40 سال سے زیادہ عمر کے غیر ملکیوں سمیت ان تارکین کو بھی بے دخل کرنے کی تجویز دی ہے جن کے اقامے ختم ہوچکے ہیں۔

رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے جن کے اقامے ختم ہوچکے ہیں انہیں بھی بے دخل کردیا جائے، فوٹوالقبس

انہوں نے کہا ہے کہ تجویز کا اصل مقصد یہ ہے کہ کویت میں رہائشیوں کے بگڑتے ہوئے تناسب کو متوازن کیا جائے۔ ملک میں غیر ملکیوں کی تعداد اس قدر ہو چکی ہے کہ کویتی شہری اپنے ملک میں اقلیت میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی اکثریت کی وجہ سے کویتی معاشرتی ترکیب خراب ہورہی ہے، عربی زبان اور کلچر بھی بگڑ رہا ہے۔
صفا الہاشم نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی تجویز میں یہ بھی شامل ہے کہ جو غیر ملکی تین ٹریفک خلاف ورزیاں کرے گا اسے بھی ملک سے بے دخل کیا جائے۔
پارلیمنٹ سے اس بات کی بھی گذارش کی گئی ہے کہ ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سمیت جن کے اقامے ختم ہیں ان کو کسی بھی قسم کی سہولت دینے والے شہریوں پر جرمانے عائد کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ معمر غیر ملکیوں سمیت بیماری یا معذوری کا شکار ہونے والے غیر ملکیوں کو بھی ملک میں رہنے کی اجازت نہ دی جائے۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں

شیئر: