Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی ٹیکس نمائش میں اسمارٹ کیمروں سے لیس بس 

خلاف ورزی کرنے والے پر 200درہم جرمانہ ہوگا۔ فوٹو خلیج ٹائمز
دبئی میں ہونے والی جی ٹیکس نمائش میں پیر کو اسمارٹ کیمروں سے لیس ایک ایسی بس پیش کی گئی جس میں سوار ہونے والا اگر کرایہ ادا نہیں کرے گا تو پکڑا جائے گا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں ہونے والی جی ٹیکس ٹیکنالوجی نمائش میں روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے پویلین میں ایک ایسی بس حاضرین کے سامنے پیش کی گئی ہے جس میں سی سی کیمرے خفیہ جگہوں پر نصب ہیں ۔

نول کارڈ دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ادائیگی کا طریقہ کارہے۔ فائل فوٹو

اس بس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوار ہونے والا مسافر کارڈ سسٹم(نول کارڈ) کے تحت مشین کے سامنے سے کارڈ گزارے گا (سوائپ) اور اس کے کارڈ میں بیلنس نہ ہوا اور وہ انجان بن کر نکلنے کی کوشش کرے گا تو خفیہ کیمرہ اس کارروائی کی اطلاع متعلقہ لوگوں تک پہنچا دے گا۔
واضح رہے کہ دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے لیے اگست 2009 سے نول کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ جسے الیکٹرانک ٹکٹنگ کارڈ بھی کہا جاسکتا ہے۔
یہ کیمرے کرایہ ادا نہ کرنے والوں کے چہرے کی نشاندہی انکے بس میں سوار ہونے کے بعد سے کرنا شروع کردیں گے۔ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایک کیمرہ بس کے اندرونی حصے کا معائنہ کرتا رہے گا جبکہ دوسرا کیمرہ بس میں سوار ہونے والوں کی نگرانی کرتا رہے گا کہ کن لوگوں نے کارڈکے ذریعے کرایہ ادا کیا ہے یا نہیں۔
تجربہ کرتے ہوئے اتھارٹی کے عہدیدار نے بتایاہے کہ پروٹو ٹائپ یہ کیمرے بس میں دو جگہ لگے ہیں ایک باقاعدہ سی سی ٹی وی کیمرہ ہے جو بس کے اندر کی نگرانی کرے گا جبکہ دوسرا کیمرہ چہرے کی شناخت کرنے والا ہوگا۔

جی ٹیکس ٹیکنالوجی نمائش میں شائقین دلچسپی لے رہے ہیں۔فوٹو خلیج ٹائمز

عہدیدار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چہرے کی پہچان والا کیمرہ تلاش کر سکے گا کہ کون سے مسافر اپنے نول کارڈ کو سوائپ کیا ہے یا نہیں یعنی کارڈکے ذریعے بس کے کرائے کی ادائیگی ہوئی یا نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ دونوں کیمرے آر ٹی اے کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہونگے اور وہاں موجود انسپکٹرز خلاف ورزی کرنے والوں کوپکڑیں گے اور ان پر 200درہم کا جرمانہ بھی کریں گے۔
اس موقع پر ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس حوالے سے مزید معلومات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح انسپکٹر کو ہر شخص کو چیک کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ کیمرے دیگر ایپلی کیشنز سے لیس ہیں جن میں بسوں میں کچرا پھینکنے اور گندگی پھیلانے کو بھی نوٹ کیا جاسکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کیمروں میں مصنوعی ذہانت، آئی فون اور سامسنگ کے اسمارٹ فونز کی طرز پر سیکیورٹی کے لیے چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔جی ٹیکس ٹیکنالوجی نمائش میں شائقین کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔

شیئر: