Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیپکا پاڈوکون نے کنگنا رناوت کو نشانے پر کیوں لیا؟

دیپکا پاڈوکون نے کنگنا رناوت کے پوسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ کے جب پہلے نام ’مینٹل ہے کیا‘ کا اعلان کیا گیا تو اس پر مخلتف حلقوں کی جانب سے خاصے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
بالی وڈ سٹار دیپکا پاڈوکون اور ذہنی صحت کے حوالے سے کام کرنے والی ان کی غیر سرکاری تنظیم ’دا لیو لو لاف فاؤنڈیشن‘ نے کنگنا کی آنے والی فلم ’مینٹل ہے کیا‘ کے مقاصد پر سوال اٹھایا۔
دیپکا نے فلم ساز کی جانب سے ذہنی بیماری کے موضوع پر فلم بنانے کے انداز اور اس کے پوسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دیپکا پاڈوکون کا کنگنا رناوت پر تنقید کرنا تھا کہ کنگنا کی بہن رنگولی چندل نے فلم کو نشانہ بنانے پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

دیپکا کہتی ہیں کہ ہمیں ذہنی بیماری کے معاملے پر حساس ہونا پڑے گا، فوٹو: پی ٹی آئی

دیپکا حال ہی میں ایک ٹی وی شو ’آف دا کف‘ میں اس موضوع پر گفتگو بھی کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کو ذہنی بیماری اور ذہنی مریضوں کے بارے میں حساس ہونا چاہیے۔‘
دیپکا سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ وہ فلموں میں ذہنی بیماری دکھانے پر وہ کیا کہیں گی، اس پر وہ بولیں’ جہاں تک انڈیا میں ذہنی بیماری کے معاملے کا تعلق ہے، اس حوالے سے ہماری سوچ میں ابھی تک پختگی نہیں آئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ اس بیماری کا مشاہدہ کرنے کے بعد اس موضوع پر فلم بنانا پسند کریں گی۔‘
دیپکا نے کہا کہ ’ہمیں اس حوالے سے حساس ہونا پڑے گا، خاص طور پر جب ہم فلموں کے ’مینٹل ہے کیا‘ جیسے نام رکھیں اور مخصوص قسم کا پوسٹر بھی بنائیں۔‘

دیپکا کی تنقید پر کنگنا کی بہن رنگولی نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، فوٹو: سوشل میڈیا

 پدماوت گرل کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک طرف ہم ذہنی بیماری کے ساتھ جُڑے شرم اور بے عزتی جیسے الفاظ کو مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری طرف ہم وہی پرانے دقیانوسی تصورات کے تحت ذہنی بیماری کو پیش کر رہے ہیں، اس طرح ہم آگے نہیں بڑھ رہے، یہیں ہمیں تھوڑا حساس ہونا پڑے گا۔‘
بالی وڈ کی ڈمپل بیوٹی نے ڈپریشن سے متعلق اپنے ذاتی تجربے پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ڈپریشن اور اضطراب کے مرحلے سے گزر چکی ہوں، میں نے اس کے خلاف اکیلے جدوجہد کی ہے اور پھر میں نے سوچا کہ مجھے دوسروں کی مدد کے لیے اس کی علامات بھی بتانی چاہئیں۔‘   
واضح رہے کہ دیپکا پاڈوکون کا شمار ان بالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے سب سے پہلے ڈپریشن کے معاملے پر کھل کر گفتگو کی۔

دیپکا نے ذہنی بیماری سے متعلق غیر سرکاری تنظیم بھی قائم کر رکھی ہے، فوٹو: ٹوئٹر

انہوں نے اس حوالے سے اپنے خیالات لوگوں کے ساتھ شیئر کیے اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اس مسئلے پر کیسے قابو پایا۔
یاد رہے کہ لوگوں کو ذہنی مسائل اور ذہنی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد دینے کے لیے دیپکا نے 2015 میں اپنی غیر سرکاری تنظیم ’دا لیو لو لاف فاؤنڈیشن‘ قائم کی تھی۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: