Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے نیا پروگرام

سعودی وزارت ثقافت کا پروگرام وژن 2030کا ایک حصہ ہے۔ فائل فوٹو
سعودی وزارت ثقافت نے فلم انڈسٹری کو ترقی دینے کے لیے ایک نئے پروگرام کا آغاز کردیا ہے جہاں فلمسازی اور اس کی مختلف کیٹگریز کے لیے مختلف کورسز کرائے جائیں گے۔اس کا نام ’ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام‘ رکھا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت مختلف بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے تربیتی سیشن اور  ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کے لیے سعودی وزارت ثقافت نے ہنر مندوں کے لیے ایک ویب سائٹ بھی قائم کردی ہے جس میں انہیں کورسز کے لیے رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔

 ’ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ‘ کے تحت مختلف پروگرام ہوں گے۔ فائل فوٹو

وزارت ثقافت کا یہ پروگرام مملکت میں مقامی فلمی شعبے کو ترقی دینے، ملازمت کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملکی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوششوں اور وژن 2030کا ایک حصہ ہے۔ 
پہلا مرحلہ تین مختلف پروگراموں پر مشتمل ہے۔ پہلے پروگرام میں فلم سازی کے حوالے سے پروگرام برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ (بی ایف آئی) کے تعاون سے چلایا جائے گا۔یہ پروگرام27اکتوبر سے 11نومبر تک برطانیہ میں دو ہفتوں تک 12 طلبہ کے لئے ہوگا۔ 
 اس میں برطانوی ہدایت کاروں اور پروڈیوسروں کے ساتھ ٹریننگ دی جائے گی اور اس کے لیے مختلف کلاسز بھی ہونگی۔اس کے علاوہ جیمز بانڈ کے فرنچائز گھر پائن ووڈ اسٹوڈیو کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔
 دوسرا پروگرام فلم کی تیاری کے حوالے سے ہوگا جس میں 20طلباءکو شرکت کا موقع دیا جائے گا۔اس میں فلم کی تیاری کے تمام پہلوﺅں کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا جس میں لائٹنگ، ساﺅنڈ سیٹ، ملبوسات ، اسکرپٹ کی تیاری اور ایڈیٹنگ، ڈائریکشن اور لوکیشن کا انتظام شامل ہے۔
تیسرا پروگرام امریکی یونیورسٹی کے تعاون سے عصری سینما اور ٹی وی کے لیے اداکاری کے لیے ہوگا۔ یہ 8سے 11دسمبر تک ریاض میں ہوگا۔اس کے لیے 14سے 16طلبہ کو موقع دیا جائے گا۔

شیئر: