Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان میں سیلاب کا پانی گھر کی چھتوں پر

جاپانی حکام کے مطابق طوفان کی شدت 1958کے طوفان سے زیادہ ہے (فوٹو:اےا یف پی)
جاپان میں سمندری طوفان ہاگیبیس اور بارشوں کی وجہ سے 18 افراد ہلاک جبکہ 13 لاپتہ ہوئے ہیں۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق سمندری طوفان کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ڈیڑھ سو کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
جاپانی حکام نے 60 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات کی جانب نکلنے کا حکم دیا ہے۔
طوفان کی شدت کے حوالے سے جاپانی حکومت  نے کہا ہے کہ 1958 میں آنے والے طوفان سے طوفان ہاگیبیس زیادہ طاقت ور ہے۔

سیلاب کا پانی رکنے سے مقامی انتظامیہ نے کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ فوٹو:روئٹرز

اس طوفان کے باعث 800 کے قریب پروازیں اور ٹرین سروسز بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔
حکومت نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج کے علاوہ دفاعی دستے، فائر فائٹرز، پولیس اور ساحل سمندر کے فورس کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے بھیجا گیا ہے۔
دریا کے قریب لوگوں کو نکالنے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا جبکہ مختلف شہروں میں امدادی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔
سیلاب کا پانی گھروں کی چھتوں تک پہنچا ہوا ہے۔
سمندری طوفان ہاگیبیس اور تیز بارشوں کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ نے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا (فوٹو:روئٹرز)

امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے متعلقہ وزرا کا ایک اجلاس طلب کیا  اور کہا ہے کہ نقصانات کے ازالے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوگوں کی زندگیاں اور جان و مال بچانے کے لیے حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔
ہاگی بیس فلپائن کے ٹیگالگ زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ’رفتار‘۔
ہفتے کے روز آنے طاقتور ترین طوفان ہاگیبیس سے دارالحکومت ٹوکیو کے علاوہ ملک کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
جاپان کا مرکزی اور مشرقی حصہ گدلے پانی سے بھرا ہوا ہے اور سب سے زیادہ نقصان ناگانو کے علاقے چیکوما دریا کے قریب ہوا ہے۔

بارشوں کی وجہ سے پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔ فوٹو:اے ایف پی

ممکنہ بارشوں کے پیش نظر جاپان کے کمائشی علاقے میں نمیبیا اور کینیڈا کے درمیان ہونے والا رگبی ورلڈ کپ منسوخ کیا گیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ مہینے بھی جاپان میں ایک طاقتور سمندری طوفان آیا تھا جس کی وجہ سے ٹوکیو کے مشرقی علاقے چیبا میں 30 ہزار گھر متاثر ہوئے تھے۔
اس طوفان کی وجہ سے بھی مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا تھا۔

شیئر: