Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی میں پاکستان کا مستقل مشن قائم

حکومت نے رضوان شیخ کو مستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔فائل فوٹو
 پاکستان نے اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) میں مستقل مشن قائم کردیا ہے۔مشن رواں سال کے آخر تک کام شروع کردے گا۔
 جدہ میں سفارتی ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ حکومت نے امریکہ میں تعینات سفارتکار رضوان شیخ کو او آئی سی مشن میں مستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔
رضوان شیخ اس وقت واشنگٹن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہیں۔ اس سے قبل وہ او آئی سی سیکریٹری جنرل کے ترجمان کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

او آئی سی میں 6 اسلامی ملکوں کے مشن پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔فائل فوٹو

او آئی سی میں 6 اسلامی ملکوں کے مشن پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔ ان میں سعودی عرب،ترکی،صومالیہ،مصر،افغانستان اور فلسطین شامل ہیں ۔پاکستان ساتواں ملک ہے جو اپنا مشن قائم کر رہا ہے۔
پاکستا ن کے او آئی سی مشن میں مستقل مندوب کے علاوہ نائب مستقل مندوب اور دیگر عملے کا تقرر بھی کیا جا رہا ہے۔
 سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ او آئی سی میں مستقل مشن کے قیام سے پاکستان زیادہ موثر طریقے سے او آئی سی میں اپنا کردار ادا کر سکے گا۔ خصوصا مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا ’ او آئی سی میں مستقل مشن کے قیام کی ہمیشہ سے ضرورت تھی ۔اسلامی کانفرنس تنظیم ،اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی آرگنائزیش ہے اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے‘۔ 
ایک سوال پر انہوں نے کہا ’ او آئی سی میں مستقل مشن کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اس ادارے کو اہمیت دیتا ہے تاکہ علاقائی اور عالمی مسائل پر موثر آواز اٹھائی جا سکے‘ ۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: