اگر آپ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے باسی ہیں اور اشیائے ضروریہ مثال کے طور پر سبزی اور پھل خریدنے کےلیے بازاروں کے چکر کاٹنے سے تنگ آ چکے ہیں تو اسلام آباد انتظامیہ نے اس کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔
آپ مرغی کھانا چاہتے ہیں یا دال، بھنڈی کریلے کا موڈ ہو رہا ہے یا آلو انڈے پکانے کا دل ہے، بس فون اٹھائیں، ایپ کھولیں، آرڈر کریں اورانتظار فرمائیں، کیونکہ اسلام آباد انتطامیہ سرکاری نرخوں پر فری ہوم ڈیلیوری کی سہولت کے ساتھ کچن آئٹمز آپ کی دہلیز پر پہنچا دے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے شہریوں کو خوشخبری سنائی کہ ’بہت جلد اسلام آباد انتظامیہ ضروری اشیائے خورد نوش کو آپ کے گھر فری ڈیلیوری کے ذریعے پہنچانا شروع کر رہی ہے ۔ بہترین کوالٹی اور وہ بھی سرکاری ریٹ پر۔ ابھی ’درست دام‘ کو انسٹال کریں اور چند دنوں میں اس آفر سے فائدہ اٹھائیں۔ مارکیٹ سے آدھی قیمت میں چیزیں آپ کی دہلیز پر‘۔
درست دام کیا ہے؟
’درست دام‘ ایک موبائل ایپلیکیشن کا نام ہے جو اسلام آباد انتظامیہ نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) سے تیار کروائی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے اسلام آباد کے شہری سودا سلف ، سبزی اور پھل وغیرہ کا آن لائن آرڈر بک کرا سکتے ہیں۔
ایپ پر اشیائے ضروریہ ، سبزی اور پھل کی تین آپشنز رکھی گئی ہیں۔ صارفین کی سہولت کے لیے دستیاب اشیا کے نام اوران کا مارکیٹ نرخ بھی درج ہے۔
صارفین اپنی ضرورت کی اشیا منتخب کرکے گھر بیٹھے آن لائن آرڈر کرسکتے ہیں۔
ایپ میں شکایات درج کروانے کا آپشن بھی رکھا گیا ہے جس پر کلک کرنے سے شہری پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرا سکیں گے۔
ڈیلیوری کون کرے گا؟
ڈیلیوری کے لیے اسلام آباد انتظامیہ نے دو کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے۔ ’سبزی منڈی‘ اور ’فوری‘ کے نام سے پہلے سے آن لائن ڈیلیوری کا کام کرنے والی کمپنیاں اب اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے ڈیلیوری کی خدمات انجام دیں گی۔
’اردو نیوز‘ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سے اس اقدام بارے مزید جاننے کے لیے رابطہ کیا اور پوچھا کہ انتظامیہ کے لیے مستقل بنیادوں پر یہ ذمہ داری نبھانا کیسے ممکن ہوگا جس پر انھوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک ہفتہ انتظار کریں تمام معلومات سرپرائز ہیں۔
سوشل میڈیا پر ردعمل
اسلام آباد انتطامیہ کے اس نئے اقدام کو سوشل میڈیا پر صارفین سراہ رہے ہیں تاہم کچھ صارفین نے تو دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
محمد زبیر نے لکھا ہے کہ واہ ڈی سی صاحب دھرنے والوں کو بھی؟
شاہی دانشور نے پوچھا کہ اگر وہ کچھ خریدیں تو ڈی سی صاحب اس کو پکا کر بھی بھیج سکتے ہیں؟
سر اگر میں اشیاء خریدو تو کیا آپ اسکا ڈش بناکر بھیجو گے؟
— شاہی دانشور (@Jaali_danishwar) October 17, 2019
زیاد خان یوسفزئی نامی صارف نے کہا کہ کیا درست دام کے ذریعے سیلانی لنگر منگوا سکتے ہیں؟
نوید بن نورنے کہا کہ اسلام آباد والوں کے لیے ایک اور سہولت؟ اگر اسلام آباد انتطامیہ یہ اقدام لے سکتی ہے تو باقی حکومتیں کیوں نہیں؟ مجھے جلن ہو رہی ہے کہ میں اس سہولت سے مستفید نہیں ہوسکتا کیونکہ میں اسلام آباد میں نہیں رہتا تاہم اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوش بھی ہوں۔
Wao another amazing facility for Islamabad only. Govt. must see these efforts and implement same across the country, If a Administrative entity can do this than why Govt can’t do this? I’m little jealous cuz i’m not living in islamabad to avail this Service but happy for it