’سیاحوں کے لیے پیراگلائڈنگ، گلاس برج اور ریزورٹ‘، مری اور کوٹلی ستیاں میں کون سے منصوبے شروع کیے جائیں گے؟
’سیاحوں کے لیے پیراگلائڈنگ، گلاس برج اور ریزورٹ‘، مری اور کوٹلی ستیاں میں کون سے منصوبے شروع کیے جائیں گے؟
بدھ 18 فروری 2026 17:42
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
مری میں رین واٹر ہارویسٹنگ پراجیکٹ کے پہلے فیز کی کامیابی کو حکام نے سراہا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری کی تاریخی مال روڈ پر جہاں ایک طرف آپریشن کیا جا رہا ہے تو وہیں دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر ن لیگ نواز شریف کی سربراہی میں مری اور کوٹلی ستیاں کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
بدھ کو گورنمنٹ ہاؤس مری میں منعقدہ اجلاس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کا جائزہ لیا گیا اور کوٹلی ستیاں کو پنجاب کا جدید ترین ٹورزم ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ٹورازم کی 14 سکیموں کی منظوری دی گئی، جن میں ’ایکو فرینڈلی گلمپنگ بورڈ ویلج‘ اور ریزورٹ قائم کرنا بھی شامل ہے۔
’کوٹلی ستیاں میں پنجاب کا پہلا پیرا گلائیڈنگ سنٹر بنے گا‘
وزیراعلی آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کوٹلی ستیاں میں پنجاب کا پہلا جدید پیراگلائیڈنگ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، جبکہ سیاحوں کے لیے سکائی گلاس برج بھی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ کوٹلی ستیاں میں نئی چیئر لفٹ پروجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ پہلے سے موجود پتریاٹہ چیر لفٹ کی مرمت اور اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔
’مری گلاس ٹرین کی بِڈنگ مارچ میں ہوگی‘
اجلاس میں مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مری گلاس ٹرین مونو ریل کے لیے مارچ میں بڈنگ ہوگی، اور گلاس ٹرین لیک ویو پارک سے مری بس سٹینڈ تک 40 کلومیٹر طویل روٹ پر چلے گی، جسے بعد میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے مظفر آباد تک بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مری کی تاریخی عمارتوں کو قدیم ڈیزائن کے مطابق بحال کیا جائے گا اور اس کے لیے الگ شعبہ قائم کیا جائے گا۔
جبکہ مری میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوٹل کمپلیکس بنایا جائے گا اور ایک ہی جگہ معیاری ہوٹلز بنیں گے۔جس کے لیے ڈپٹی کمشنر کو مناسب مقام کی نشاندہی کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں مریم نواز نے مری میں رین واٹر ہارویسٹنگ پراجیکٹ کے پہلے فیز کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے مزید بہتر ہونے کے لیے ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں راولپنڈی، مری اور کشمیر روڈ کو سٹیٹ آف دی آرٹ سڑک بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جبکہ مری اور مضافات میں 70 سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کر کے دوسرے مرحلے میں 120 سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔
کوٹلی ستیاں میں نئی چیئر لفٹ پروجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
برفباری کے دوران انتظامیہ کی کارگردگی کی تعریف
وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں برفباری کے دوران انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور سیاحوں کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
یاد رہے مری میں وزیراعلی پنجاب کی موجودگی کے دوران مری کے تاریخی مال روڈ پر اس وقت انتظامیہ کی جانب سے ایک بڑا آپریشن بھی جاری ہے، جس کے تحت تاریخی عمارتوں کا حسن خراب کرنے والی عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔