Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو شکست، سیریز برابر

ٹی20 سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف کلین سویپ کیا تھا، فوٹو: پی سی بی
بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دے کر دو ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔ 
پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 211 کا ہدف آخری اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ 
پاکستانی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ تو جویریہ خان اور ناہیدہ خان نے پاکستان کو 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ 
جویریہ خان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو بسمہ خان نے ناہیدہ خان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے سکور 100 تک پہنچا دیا۔ 

بسمہ معروف اور عروب شاہ نے دو دو جبکہ ثنا میر نے ایک وکٹ حاصل کی، فوٹو: پی سی بی

ناہیدہ خان 58 رنز اور بسمہ معروف نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد عالیہ ریاض نے ذمہ دارانہ کھیل کھیلتے ہوئے 36 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوگئیں، سدرہ نواز نے 19 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ دیگر بیٹرز سکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کر سکیں اور پاکستان کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 210 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے رونامہ احمد نے تین، سلطانہ خاتون نے دو اور پنا گھوش نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔ 
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مرشدہ خاتون اور شرمین سلطانہ نے اننگز کا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 29 کے مجموعی سکور پر گری جب شرمین سلطانہ 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کو دوسری کامیابی جلد ہی مل گئی جب نگار سلطانہ کو صفر پر ثنا میر نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ 
دو وکٹوں کے نقصان کے بعد فرگانہ حق اور مرشدہ خاتون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 100 تک پنہچایا۔

بنگلہ دیش کی فرگانہ حق نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، فوٹو: پی سی بی

مرشدہ خاتون نے 44 اور فرگانہ حق نے 67 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد سنجیدہ اسلام نے 20 اور رومانہ احمد نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
211 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے کرتے 49 ویں اوور میں بنگلہ دیش کو نو وکٹیں گر چکی تھیں تاہم جہاں آرا عالم اور ناہیدہ اختر نے آخری اوور کی پانچویں گیند کر فتح اپنے نام کر لی۔ 
فرگانہ حق کو میچ کی بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی فرگانہ حق اور ناہیدہ خان کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔ 
خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو 29 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اس سے قبل تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کیا تھا۔ 
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: