ٹریلر کے مطابق فلم میں فہد مصطفیٰ ایک مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ مہوش حیات ان کی رومانوی ساتھی کے رُوپ میں نظر آتی ہیں۔
کہانی اس وقت خطرناک موڑ اختیار کرلیتی ہے جب چاند رات کے موقعے پر ہونے والے ایک فائٹ ایونٹ کے دوران اچانک وائرس پھیل جاتا ہے اور لوگ خوفناک زومبیز میں تبدیل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس افراتفری کے دوران فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اور کئی عام شہری اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ حکام ابتدا میں اس صورت حال کو مذاق سمجھتے ہیں۔
ٹریلر میں ایک دلچسپ منظر بھی شامل ہے جہاں ایک پولیس افسر غصے سے کہتا ہے، ’زومبیز؟ چاند رات پر سب مذاق کے موڈ میں ہوتے ہیں۔‘
فلم میں بعد ازاں حکومتی ادارے بھی متحرک ہوتے نظر آتے ہیں، جس کے بعد کہانی مکمل طور پر 80 کی دہائی کی ہالی وڈ ایکشن فلموں جیسا رنگ اختیار کر لیتی ہے۔
ٹریلر میں فہد مصطفیٰ کو بغیر آستین والی شرٹ اور سر پر بنڈانہ باندھے دکھایا گیا ہے، جہاں ان کا انداز مشہور ہالی وڈ اداکار سلویسٹر سٹالون کی فلم فرسٹ بلڈ کی یاد دلاتا ہے۔ وہ زومبیز سے لڑتے، مکوں اور لاتوں سے مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک منظر میں وہ آرنلڈ شوارزنیگر کی مشہور فلم دی ٹرمینیٹر کا معروف ڈائیلاگ دہراتے بھی نظر آتے ہیں، جبکہ ایک اور سین میں وہ چھت سے چھلانگ لگاتے دکھائی دیتے ہیں، جو بروس ولس کی کلاسک فلم ڈائی ہارڈ کی جھلک پیش کرتا ہے۔
ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کمزور دل افراد کے لیے نہیں ہوگی کیونکہ اس میں خونریز مناظر اور شدید ایکشن شامل ہے۔ تاہم ہارر اور ایکشن فلموں کے شائقین کے لیے ’زومبیڈ‘ عید کے پہلے روز دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔