Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 رینکنگ: پاکستان کی اب بھی ٹاپ پوزیشن برقرار

پاکستانی ٹیم سری لنکا اور آسٹریلیا سے حالیہ ٹی20 سیریز ہاری ہے، فوٹو: پی سی بی
پاکستان آئی سی سی ٹی20 ٹیم رینکنگ میں پے درپے دو سیریز میں شکست کے باوجود ٹاپ پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔
پیر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی ٹیم رینکنگ میں پاکستانی ٹیم بدستور سرفہرست ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں سال صرف ایک میچ جیتنے کے باوجود پاکستانی ٹیم ٹی20 میں اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب ہے۔

 

آئی سی سی کی نئی ٹی 20 ٹیم انڈیکس کے مطابق گرین شرٹس 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ حالیہ سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے ہرانے والی آسٹریلوی ٹیم 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ خیال رہے کہ اگر حالیہ پاک آسٹریلیا سیریزمیں اگر پہلا میچ بارش کی نذر نہ ہوتا اور آسڑیلیا یہ میچ جیت جاتا تو  کینگروز پاکستان سے ٹی20 کی ٹاپ پوزیشن چھین لیتے۔
ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ 265 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ تھری میں ہے جبکہ  جنوبی افریقہ 262 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
انڈیا 260 پوائنٹس کے ساتھ ٹی 20 رینکنگ میں پانجویں پوزیشن پر ہے۔

ٹی20 رینکنگ میں نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت انڈیا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ ورلڈ چمپیئن انگلینڈ کی ٹیم ایک روزہ میچز میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
دوسری جانب ٹی 20 کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم  بیٹسمنوں میں 876 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ ان سے 69 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ بولرز میں افغانستان کے راشد خان 757 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر 700 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ٹی 20 آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی 339 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل 333 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: