Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب کیمرا آن ہوتا ہے تو ہم دونوں میاں بیوی نہیں رہتے‘

فلم ’83‘ رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون اکٹھے کام کر رہے ہیں، فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ سٹار دیپکا پاڈوکون نے اپنے شوہر اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’جب کیمرہ آن ہوتا ہے تو ہم میاں بیوی کے بجائے ایکٹرز بن جاتے ہیں۔‘
بالی وڈ کی نئی فلم ’83‘ میں اداکار رنویر سنگھ کپیل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دیپکا پاڈوکون کپیل دیو کی بیوی رومی دیو کا کردار نبھا رہی ہیں۔
رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون کی شادی دیومالائی کہانیوں کی طرح ہے۔ شادی سے پہلے دونوں آپس میں تعلقات کے حوالے سے بہت زیادہ محتاط اور خاموش تھے لیکن شادی کے بعد ان کی جوڑی کے سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ چرچے ہو رہے ہیں۔
 
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق دیپکا کا اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں کہنا ہے کہ ‘گذشتہ ایک سال تفریح سے بھرپور رہا۔‘
’شادی سے پہلے ہم نے بہت زیادہ روایتی طریقہ اپنایا اور ہم یہ نہیں چاہتے تھے کہ ایک ساتھ رہیں اور ایک دوسرے کو دریافت کریں۔ میرا خیال ہے کہ اس حوالے سے ہم دونوں بہت زیادہ روایتی ہیں۔‘
33 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’شادی کے بعد ایک دوسرے کے حوالے سے مختلف تناظر کو دریافت کرنا اور ایک ساتھ رہنا تفریح سے بھرپور ہے۔‘
اگرچہ بالی وڈ جوڑی کی شادی کی تقریب عالی شان اور پر تعیش تھی لیکن وہ شادی کی سالگرہ کو سادگی سے منانے کی تیاری کر رہی ہے۔ وہ 14 نومبر کو تیروپاٹی بالاجی ٹیمپل اور پدماوتی ٹیمپل کا دورہ کریں گے جبکہ 15 نومبر کو گولڈن ٹیمپل جائیں گے۔

رنویر اور دیپکا نے شادی سے پہلے رام لیلا، باجی راؤ مستانی، اور پدماوت میں اکٹھے کام کیا، فوٹو: ہندوستان ٹائمز

رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون نے گذشتہ ایک سال کے دوران اپنی پیشہ وارانہ مصروفیات کو بھرپور وقت دیا، تاہم دیپکا کا کہنا ہے کہ ’پیشہ وارانہ مصروفیات کے باوجود وہ اپنی فیملی لائف کے لیے بھی وقت نکالتے رہے۔‘
’ہاں ہم اس سال بہت زیادہ مصروف رہے اور اپنی پیشہ وارانہ کمٹمنٹ میں مصروف رہے اور یہ کچھ عرصے کے لیے ایسا ہی رہے گا، لیکن اس کے باوجود اس دوران ہمیں جتنا بھی ٹائم ملا اسے ہم نے ساتھ گزارا۔‘
رنویر سنگھ اور دیپکا شادی سے پہلے رام لیلا، باجی راؤ مستانی، اور پدماوت جیسی بالی وڈ کی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے تھے، تاہم انہوں نے شادی کے بعد بھی اس سلسلے کو جاری رکھا اور کبیرخان کے ساتھ فلم ’83‘ میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔
جب دیپکا سے اس حوالے سے پوچھا گیا کہ شادی کے بعد فلموں میں اکھٹے کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا تو دپیکا نے جواب دیا کہ یہ پہلے سے مختلف نہیں۔ ہم دونوں اپنے کام کے حوالے سے اتنے سنجیدہ ہیں کہ ہم سیٹ پر اپنے ذاتی تعلقات کے حوالے سے سوچتے ہی نہیں۔ ’اس وقت ہم صرف کام، کردار اور سین کے بارے میں سوچتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جب کیمرا آن ہوتا ہے تو ہم میاں بیوی نہیں بلکہ صرف ایکٹرز ہوتے ہیں۔‘

شیئر: