Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورکشاپس اور سپیئر پارٹس کی دکانوں میں نقدی کا لین دین بند 

اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے تجارتی پردہ پوشی کاسد باب ہو گا۔ فوٹو اے ایف پی
مملکت میں گاڑیوں کی ورکشاپس اور سپیئر پارٹس فروخت کرنے والی دکانوں میں نقدی کے لین دین پر پابندی کا آغاز ہو گیا ہے۔
اس سے قبل پیٹرول سٹیشنز کو بھی اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت وصول کرنے کے لیے مدی سسٹم نصب کیا جائے۔ 
ورکشاپس مالکان کو کیش کے لین دین کے حوالے سے 15 نومبر 2019 کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب میں قائم تمام ورکشاپس اور سپیئر پارٹس کی دکانوں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے جن میں ہدایت دی گئی تھی کہ مذکورہ ڈیڈ لائن سے قبل تمام دکانوں میں بینک اے ٹی ایم کارڈز سے وصولی کو یقینی بنانے کے لیے سسٹم نصب کیا جائے۔ 

اے ٹی ایم کارڈ سے وصولی کو یقینی بنانے کے لیےاسپیئر پارٹس کی دکانوں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے.فائل فوٹو ۔ سیدتی میگزین

 
وزارت بلدیات اور سعودی بینکنگ کونسل کی جانب سے اے ٹی ایم کارڈ سے وصولی کو یقینی بنانے کے لیے تمام بینکوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ بھر پور تعاون کریں اور پیٹرول سٹیشنز پر’مدی‘سسٹم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ 
اس ضمن میں ماہر معاشیات کا کہنا ہے کہ ورکشاپس اور دیگر دکانوں میںنقدی کے لین دین پر عائد کی جانے والی پابندی کے مثبت اثرات برآمد ہونگے۔
بینک اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگی سے تجارتی پردہ پوشی اور ٹیکس چوری کرنے والوں کا بھی سد باب ہو گا۔
اس ضمن میں سعوی ایوان صنعت وتجارت میں قومی کمیٹی برائے نقل و حمل کے چیئر مین سعید البسامی کا کہنا تھا کہ مملکت میں قائم تمام ورکشاپس کی انتظامیہ کو اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا تھا کہ 15 نومبر سے قبل وہ بینک سسٹم نصب کروالیں جس کے ذریعے وہ اپنی اجرت وصول کر سکیں گے۔ 
البسامی نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ’متعلقہ ادارے دیگر شعبوں میں بھی نقدی کے لین دین پر جلدی پابندی عائد کریں تاکہ ملکی معیشت کو مزید بہتر اور ہر ایک کے حقوق کے تحفظ  کویقینی بنایا جاسکے‘۔

پیٹرول سٹیشنز کو بھی اس امر کا پابند کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت وصول کرنے کے لیے mada  سسٹم نصب کیا جائے: فوٹو پکسابے

دوسری جانب مشرقی ریجن کے چیمبر آف کامرس میں تجارتی امور کی کمیٹی کے نگران ھانی العفالق کا کہنا تھا کہ ’مدی‘ بینک کارڈ کے ذریعے رقوم کی وصولی کا فیصلہ بہترین ہے اس سے تجارتی پردہ پوشی کرنیوالوں کے خلاف ٹھوس اقدام ممکن ہوسکے گا۔ 
ھانی کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت تفتیشی کارروائیاں کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ 
دوسری جانب وزارت تجارت و سرمایہ کاری کیجانب سے 25/8/2020 تک مملکت میں تمام تجارتی اداروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل ادائیگی کے سسٹم میں داخل کیا جائے گا۔خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر کی جائیں گی۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: