Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرین کی بوم سے 450 کلوگرام ہیروئن برآمد

"ڈیتھ نیٹ ورک"کے نام سے 14 افراد پر مشتمل گروہ بھی گرفتار۔ فوٹو۔ٹوئٹرابوظبی پولیس 
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی پولیس نے 450 کلو گرام کرسٹل ہیروئن کی بڑی کھیپ پکڑ لی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق انتہائی مہارت سے پلاسٹک تھیلوں میں پیک کر کے یہ ہیروئن ٹرک کرین کی بوم کے اندر انوکھے اور نئے انداز سے چھپائی گئی تھی۔

انوکھے اور نئے انداز سے چھپائی گئی تھی۔ فوٹو۔ٹوئٹرابوظبی پولیس 

امارات پولیس کی جانب سے پکڑی گئی ہیروئن اور کرسٹل میتھ کی یہ سب سے بڑی مقدار ہے۔ پولیس نے اس کامیاب آپریشن کے دوران ’ڈیتھ نیٹ ورک‘ کے نام سے 14 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس گروہ کے افراد کا تعلق ایشیا کے مختلف ممالک سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ متحدہ عرب امارات میں منشیات کے کاروبار میں ملوث تھا جس پر پولیس کی نظر تھی۔

ٹیم کے اس کامیاب چھاپے کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ فوٹو۔ٹوئٹرابوظبی پولیس 

ابوظبی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی ٹیم کے اس کامیاب چھاپے کی ویڈیو بھی دکھائی گئی ہے جس میں پولیس ٹیم نے ٹرک کے کئی حصے کرنے کے بعد لوہا کاٹنے والی مشین کا استعمال کرتے ہوئے ٹرک پرموجود کرین کی بوم کے اندر سے منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کی ہے۔

انسداد منشیات کی نگراں ٹیموں نے ایسے افراد پر کڑی نظر رکھی۔ فوٹو۔ٹوئٹرابوظبی پولیس 

پولیس نے بتایا کہ انسداد منشیات کی نگراں ٹیموں نے ایسے افراد پر کڑی نظر رکھی ہوئی تھی جن پر شک تھا اور وہ لوگ ابوظبی کے متعدد علاقوں میں منشیات پھیلانے میں ملوث تھے۔
پولیس ٹیم کو پتہ چلا کہ منشیات سپلائی کرنے والا ایک اور گروہ امارت میں مقیم ہے۔ ایک ہفتے تک اس کی نگرانی کے بعد اہلکاروں نے اسے ایک اور شخص کے ساتھ پانچ کلو گرام کرسٹل میتھ اور ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا۔
اس موقعے پر ابوظبی میں محکمہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹر کرنل طاہر غریب الظاہری نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یہ افراد متحدہ عرب امارات سے باہر مقیم ایک منظم گروہ کے لیے کام کرتے ہیں۔ 
اس گروہ کی کارروائیوں کے بارے میں تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد پولیس نے ان کو گرفتار کرنے اور منشیات ضبط کرنے کے لئے منصوبہ بنایا جو کامیاب رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی گرفتاری کے بعد مرکزی ڈیلر نے اپنے ایک ساتھی کے ذریعے منصوبے تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن تفتیشی ٹیم نے ان باقی افراد کو بھی گرفتار کر لیا اور بھاری مقدار میں منشیات بھی ضبط کرلی۔

شیئر: